ملک پر قابض سرمایہ دار طبقہ ، سیاسی اشرافیہ نے اقتدار کو اپنی جاگیر سمجھ رکھا ہے،محمدطاہرکھوکھر

جمعہ 18 اپریل 2025 15:14

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 اپریل2025ء)مرکزی صدر پاسبان وطن پاکستان محمد طاہر کھوکھر نے کہاہے کہ ملک پر قابض سرمایہ دار طبقہ اور سیاسی اشرافیہ نے اقتدار کو اپنی جاگیر سمجھ رکھا ہے،یہ ملک عام آدمی، کسان، مزدور، ریڑھی بان، استاد، طالب علم، ڈاکٹر اور انجینئر کا ہے ،عوام اپنی طاقت کو پہچانیں اپنے ووٹ، اپنی آواز اور اپنے شعور کو استعمال کریں۔

میڈیاسے گفتگوکرتے ہوئے محمد طاہر کھوکھر نے کہا کہ پاکستان اس وقت تاریخ کے نازک ترین دور سے گزر رہا ہے ،ملک کی سیاست، معیشت، اور سماجی ڈھانچے پر ایک مخصوص طبقہ قابض ہو چکا ہے، جو نہ صرف اپنے مفادات کی تکمیل کر رہا ہے بلکہ عوام کے حقوق کو بھی پامال کر رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ عوام کا صبر اب جواب دے چکا ہے ،مہنگائی، بے روزگاری، لوڈشیڈنگ، بدانتظامی، اقربا پروری اور ناانصافی نے اس عظیم قوم کو مایوسی، محرومی اور ذلت کے اندھیروں میں دھکیل دیا ہے۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہاکہ یہ ملک 1947 میں لاکھوں قربانیوں کے بعد اس لیے حاصل نہیں کیا گیا تھا کہ چند خاندان اس پر نسل در نسل قابض ہو کر اسے اپنی وراثت سمجھیںعوام نے اس وطن کو اس لیے حاصل کیا تھا تاکہ انہیں عدل، مساوات، عزت اور ترقی میسر ہو لیکن افسوس آج کے پاکستان میں ایک عام شہری کو دو وقت کی روٹی، تعلیم، صحت اور روزگار جیسی بنیادی ضروریات بھی میسر نہیں۔

طاہر کھوکھر نے کہا کہ ملک پر قابض سرمایہ دار طبقہ اور سیاسی اشرافیہ نے اقتدار کو صرف اپنی جاگیر سمجھ رکھا ہے، اس کا اصل مقصد اقتدار، دولت اور اختیار پر اپنی گرفت مضبوط رکھنا ہے۔انہوںنے کہاکہ آج کا نوجوان ڈگریاں ہاتھ میں لیے در بدر کی ٹھوکریں کھا رہا ہے، کسان اپنی زمینوں سے محروم ہو رہا ہے، مزدور ں کوکارخانوں سے نکالا جا رہا ہے اور عوام روز بروز فاقہ کشی کی طرف دھکیلے جا رہے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں ایک خاموش انقلاب پنپ رہا ہے عوام اب بیدار ہو چکے ہیں وہ جان چکے ہیں کہ ان کی بدحالی کی اصل وجہ یہ مراعات یافتہ طبقہ ہے یہ خاندانی سیاست، پارلیمانی آمریت اور استحصالی ٹیکس سسٹم کا گٹھ جوڑ اب ٹوٹنے والا ہے ،اب وہ وقت دور نہیں جب عوامی طاقت، شعور اور اتحاد سے اس ظالمانہ نظام کا خاتمہ ہو گاہم اس طلسم کو توڑ کر دم لیں گے جس نے عوام کو غلامی کی زنجیروں میں جکڑ رکھا ہے۔

طاہر کھوکھر نے کہاکہ ملک میں اصل تبدیلی کا وقت آ چکا ہے یہ تبدیلی صرف نعروں، وعدوں یا دھرنوں سے نہیں آئے گی بلکہ ایک عوامی بیداری، اجتماعی جدوجہد اور عملی مزاحمت کے ذریعے آئے گی ۔انہوں نے کہا کہ پاسبان وطن پاکستان پورے ملک میں ایک نئی عوامی تحریک کا آغاز کرے گی، جو ہر گلی، ہر محلے، ہر گاؤں، ہر شہر میں عوام کو ان کے حقوق کا شعور دے گی ہم ایک ایسا پاکستان چاہتے ہیں جہاں عدل ہر دروازے پر دستک دے، جہاں بچے تعلیم سے محروم نہ ہوں، جہاں بوڑھے والدین ہسپتال کے باہر تڑپتے نہ رہیں، جہاں محنت کش کو اس کی مزدوری ملے، اور نوجوان کو باعزت روزگار ملے کوئی علاج کے بغیر نہ رہے کوئی بھوکا نہ سوئے ۔

انہوںنے کہاکہ یہ ملک جاگیرداروں کا نہیں، یہ ملک عام آدمی، کسان، مزدور، ریڑھی بان، استاد، طالب علم، ڈاکٹر اور انجینئر کا ہے عوام اپنی طاقت کو پہچانیں اپنے ووٹ، اپنی آواز اور اپنے شعور کو استعمال کریںہم ہر قیمت پر اس ظالمانہ نظام کو جڑ سے اکھاڑیں گے اور پاکستان کو ایک فلاحی، باوقار اور خوددار ریاست بنائیں گے۔