غیر ملکیوں کے انخلا کی تاریخ میں توسیع نہیں ہوگی،طلال چوہدری

وزارتِ داخلہ میں افغان وفد سے ملاقات ہوئی، نائب وزیرِ اعظم کی قیادت میں ایک وفد افغانستان جارہا ہے، وزیرمملکت برائے داخلہ

جمعہ 18 اپریل 2025 17:23

غیر ملکیوں کے انخلا کی تاریخ میں توسیع نہیں ہوگی،طلال چوہدری
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 اپریل2025ء)وزیر مملکت طلال چوہدری نے کہا ہے کہ 40 سال افغان بھائیوں کی دل کھول کر میزبانی کی، غیر ملکیوں کے انخلا کی تاریخ میں توسیع نہیں ہوگی۔پریس کانفرنس کرتے ہوئے طلال چوہدری نے کہا کہ افغان حکومت سے وزارتِ خارجہ رابطے میں ہے۔انہوں نے کہا کہ یکم اپریل سے اب تک 84 ہزار 869 افغان باشندے واپس بھیجے جا چکے ہیں۔

(جاری ہے)

طلال چوہدری نے کہا کہ وزارتِ داخلہ میں افغان وفد سے ملاقات ہوئی، مسائل اور ان کے حل پر بات ہوئی، نائب وزیرِ اعظم کی قیادت میں ایک وفد افغانستان جارہا ہے۔انہوںنے واضح کیا کہ 30 اپریل کے بعد ویزے کے بغیر پاکستان میں نہیں رہ سکیں گے، 40 سال تک افغان بھائیوں کی دل کھول کر میزبانی کی، دنیا میں کوئی ملک ایسا نہیں جہاں بغیر ویزے کے رہا جائے۔انہوں نے کہا کہ غیر قانونی مقیم شہریوں کو پراپرٹی کرایہ پر دینے والوں کے خلاف کارروائی ہوگی۔طلال چودھری نے کہا کہ 10 لاکھ امریکی ہتھیار میں سے کچھ دہشتگرد گروپوں کے ہاتھ لگے، امریکی ہتھیار سے متعلق خبریں ہمارے مقف کی تائید ہے۔