شوپیاں ، سیمنٹ مکسچر ٹوٹ جانے کے باعث ایک مزدور ہلاک ، دو زخمی

برفباری کے باعث تلیل ، گریز میں آٹھویں جماعت تک تعلیمی سرگرمیاںمعطل

ہفتہ 19 اپریل 2025 14:14

سرینگر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 اپریل2025ء)بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر کے ضلع شوپیاں میں ایک تعمیراتی مقام پر سیمنٹ مکسچر کیریئر ٹوٹ کر گرنے سے ایک مزدور ہلاک اور دو دیگر زخمی ہوگئے۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق یہ واقعہ دو منزلہ عمارت پر تعمیراتی کام کے دوران اس وقت پیش آیا جب ضلع کے علاقے اللو پورہ کی پنڈت کالونی میں سیمنٹ کا مکسچر کیریئر بالائی منزل سے مزدوروں کے ایک گروپ پر گرا۔

حکام نے بتایا کہ ایک مزدور موقع پر دم توڑ گیا جبکہ دو دیگر زخمی ہو گئے۔

(جاری ہے)

زخمیوں کو علاج کے لیے ضلع ہسپتال پلوامہ منتقل کیا گیا۔دریں اثناء، ضلع پلوامہ کے علاقے گوری پورہ پدگام میں ایک بس حادثے کا شکار ہونے سے کم از کم چار افراد زخمی ہو گئے۔ادھر ضلع بانڈی پورہ کے علاقوں تلیل اور گریز میں برف باری اور خراب موسمی حالات کی وجہ سے آٹھویںجماعت تک تعلیمی سرگرمیاں معطل کر دی گئی ہیں۔سب ڈویڑنل مجسٹریٹ (ایس ڈی ایم) گریز کے جاری کردہ حکم نامے کے مطابق نامساعد موسم اور مسلسل برف باری کی وجہ سے تحصیل تلیل میں آٹھویں جماعت جبکہ تحصیل گریز میں پانچویں جماعت تک کلاس ورک معطل رہا۔