ہیٹ ویو قبل از وقت بڑھاپے،جلد کے کینسر کے خطرات کا باعث بن سکتی ہے

ہفتہ 19 اپریل 2025 14:21

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 اپریل2025ء) معروف سکن سپیشلسٹ نےڈاکٹر خرم مشیر نے جلد کی صحت پر ہیٹ ویو کے خطرناک اثرات کے بارے میں آگاہی پیدا کرنے کی سفارش کرتے ہوئے اس بات پر زور دیا ہے کہ زیادہ دیر تک جھلسا دینے والے درجہ حرارت میں رہنے سے جلد کی جلن، قبل از وقت بڑھاپے اور جلد کے کینسر کے خڈشات بڑھ سکتے ہیں۔ ہفتہ کو اپنے ایک انٹرویو میں ڈاکٹر خرم مشیر نے کہا کہ گرمیوں کے مہینوں میں درجہ حرارت بڑھنے کی وجہ سے اپنی جلد کو تیز دھوپ سے بچانے کے لیے احتیاطی تدابیر اختیار کرنا ضروری ہے۔

انہوں نے جلد کو پہنچنے والے نقصان کو روکنے کے لیے آگاہی پیدا کرنے پر زور دیتے ہوئے مزید کہا کہ لوگوں کو اپنی جلد کو سورج کی مضر شعاعوں سے بچانے کے لیے ضروری اقدامات کرنے چاہئیں۔

(جاری ہے)

ڈاکٹر خرم نے کہا کہ سورج سے خارج ہونے والی الٹرا وائلٹ (UV) شعاعیں ہیٹ ویوز کے دوران جلد کو پہنچنے والے نقصان کی بنیادی وجہ ہیں۔ یہ شعاعیں جلد کی گہرائی میں داخل ہو سکتی ہیں جس سے ڈی این اے کو نقصان، سوزش اور جلد کا کینسر بھی ہو سکتا ہے۔

یو وی شعاعیں قبل از وقت بڑھاپے اور جھریوں کا باعث بن سکتی ہیں۔انہوں خبردار کیا ہے کہ تعمیراتی کارکن، کسان اور کھلاڑی وں سمیت جو لوگ طویل عرصے تک دھوپ میں رہتے ہیں ان کو جلد سے متعلق مسائل پیدا ہونے کا زیادہ خطرہ ہوتا ہے ۔انسانی جلد کو سخت دھوپ سے بچانے کے لیے احتیاطی تدابیر کے حوالہ سے انہوں نے کہا کہ تیز دھوپ سے بچائو کیلئے سن سکرین ، حفاظتی لباس ، ٹوپیاں، لمبی بازو والی قمیضیں اور پینٹ پہننا اور سایہ تلاش کرنا ضروری ہے۔

انہوں نے ہدایت کی کہ صبح 10 بجے سے شام 4 بجے کے درمیان باہر وقت گزارنے سے گریز کرنا چاہیئے۔ انہوں نے مزید کہا کہ آسان احتیاطی تدابیر اختیار کرنے سے جلد کو پہنچنے والے نقصان اور جلد کے کینسر کے خطرے کو نمایاں طور پر کم کیا جا سکتا ہے۔ جلد سے متعلقہ مسائل کا جلد پتہ لگانے اور علاج کی اہمیت پر بھی زور دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جلد کا باقاعدہ چیک اپ ممکنہ مسائل کے شدید ہونے سے پہلے ان کی شناخت میں مدد کر سکتا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ لوگوں کو اپنی جلد میں ہونے والی کسی بھی تبدیلی سے آگاہ ہونا چاہیئے اور اگر کوئی مشتبہ چیز نظر آئے تو ماہر امراض جلد رجوع کریں۔ انہوں نے مزید کہا کہ جلد کی صحت کے بارے میں متحرک رہنے سے طویل مدتی نقصان کو روکنے اور جلد کے کینسر کے خطرے کو کم کر سکتے ہیں۔

متعلقہ عنوان :