عالیہ حمزہ کو عدالت پیش کردیا گیا، ’کرلیں ظلم، ہم ہنس کر سہہ رہے ہیں‘؛ میڈیا سے گفتگو

عالیہ حمزہ کے ہمراہ گرفتار ہونے والے انفارمیشن سیکرٹری انصاف یوتھ ونگ شمالی پنجاب سمیر عباسی اور صدر پی پی 19 راولپنڈی جمال ظفر بھٹی کو انسدادِ دہشتگردی عدالت نے جوڈیشل کرکے جیل بھیجنے کا حکم دے دیا

Sajid Ali ساجد علی ہفتہ 19 اپریل 2025 14:30

عالیہ حمزہ کو عدالت پیش کردیا گیا، ’کرلیں ظلم، ہم ہنس کر سہہ رہے ہیں‘؛ ..
راولپنڈی ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 19 اپریل 2025ء ) پاکستان تحریک انصاف کی رہنماء عالیہ حمزہ کو عدالت میں پیش کردیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق تحریک انصاف پنجاب کی چیف آرگنائزر عالیہ حمزہ کو آج ریمانڈ کیلئے عدالت پیش کر دیا گیا جہاں میڈیا سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ ہمیں رات حبسے بے جا میں رکھا گیا کیا آج ہمارا آئی او قرآن پر حلف دے گا؟ ,میں نے پولیس کو کہا لڑکوں کو گرفتار نہ کرو مجھے کرلو، بطور چیف آرگنائزر پنجاب میں نہیں دیکھ سکتی کہ میرے سامنے میرے کارکن اٹھائے جائیں، ہم پرامن لوگ ہیں لیکن جہاں مجرموں کو رکھا جاتا ہے، ان کی طرح ہمیں بھی زمین پر بٹھایا گیا، کرلیں ظلم، ہم ہنس کر سہہ رہے ہیں، سہیں گے مگر کارکنان پر آنچ نہیں آنے دیں گے، جو کرنا ہے کرلو ۔

بتایا گیا ہے کہ راولپنڈی میں کار سرکار میں مداخلت اور روڈ بلاک کرنے کی دفعات کے تحت عالیہ حمزہ ودیگر کیخلاف مقدمہ درج کیا گیا، عالیہ حمزہ کیخلاف تھانہ ائیرپورٹ نے مقدمہ درج کیا، مقدمہ تھانہ ائیرپورٹ پولیس نے محمد افضل سب انسپکٹر کی مدعیت میں درج کیا گیا، جس کی ایف آئی آر میں کہا گیا ہے کہ ملزمان نے سڑک بلاک کر کے احتجاج اور پولیس پر پتھراؤ بھی کیا، مقدمے میں 35 افراد نامزد ہیں، 2 خواتین سمیت 5 کارکنوں کو موقع سے گرفتار کیا گیا۔

(جاری ہے)

گزشتہ روز پاکستان تحریک انصاف پنجاب کی چیف آرگنائزر عالیہ حمزہ کو راولپنڈی سے اس وقت گرفتار کیا گیا جب عالیہ حمزہ کنونشن سے خطاب کیلئے نورانی محلہ پہنچیں تھیں جنہیں گرفتار کرکے ویمن پولیس سٹیشن منتقل کیا گیا، اس حوالے سے پی ٹی آئی نے بیان میں کہا کہ عالیہ حمزہ کو گرفتار کر لیا گیا ہے، انہیں اور کارکنان کو گرفتار کر کے تھانہ سول لائن راولپنڈی منتقل کیا گیا تھا۔