سکھر پولیس ون ویلنگ کے خلاف سرگرم، چار نوعمر لڑکے تین موٹر سائیکلوں سمیت گرفتار، مقدمہ درج

ہفتہ 19 اپریل 2025 18:11

سکھر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 اپریل2025ء) سکھر پولیس ون ویلنگ کے خلاف سرگرم، چار نوعمر لڑکے تین موٹر سائیکلوں سمیت گرفتار، مقدمہ درج ،ترجمان سکھر پولیس کے جاری کردہ بیان کے مطابق ایس ایس پی سکھر نے پولیس افسران کی حالیہ میٹنگ کے دوران انہیں جرائم کی شرح کو کنٹرول کرنے اور امن و امان کی مجموعی صورتحال کو برقرار رکھنے سمیت انہیں اپنے اپنے علاقوں بالخصوص شہری حدود میں موٹر سائیکلوں پر ون ویلنگ کے رجحان کی حوصلہ شکنی کے لیے بھی بھرپور اور مؤثر اقدامات اٹھانے کی ہدایات کی تھیں۔

ایس ایس پی سکھر کے ان احکامات کی روشنی میں تھانہ اے سیکشن پولیس نے لب مہران کے قریب گلوب چوک پر ملٹری روڈ سے گلوب چوک تک ون ویلنگ کرنے والے چار نوعمر لڑکوں1- محمد عثمان ولد طاہر علی شاہ سکنہ گوپانگ محلہ واری تڑ۔

(جاری ہے)

2- علی وارث ولد ندیم اختر سولنگی سکنہ گوپانگ محلہ واری تڑ۔3- احمد مرتضیٰ ولد امیر احمد آخوند سکنہ دبہ روڈ پرانہ سکھر۔4- حسنین علی ولد محمد شاہد عباسی سکنہ امان اللہ چوک نیو پنڈ سکھر کو تین موٹر سائیکلوں سمیت گرفتار کرکے لاکپ کردیا جبکہ دو لڑکے دو موٹر سائیکلوں پر فرار ہوگئے۔

تھانہ اے سیکشن پولیس نے چاروں کے خلاف زیر دفعہ 279-186-147 PPC کے تحت مقدمہ نمبر 126/2025 درج کرلیا ہے۔ ایس ایس پی سکھر اظہر خان نے والدین کے نام اپنے ایک پیغام میں کہا ہے کہ وہ اپنے بچوں کو معاشرے کا اچھا فرد اور فعال رکن بنانے کے لیے ان کی روزمرہ سرگرمیوں پر کڑی نظر رکھیں اور انہیں بلوغت کی عمر تک پہنچنے سے قبل ہرگز موٹر سائیکل چلانے نہ دیں، نیز اس بات کو بھی یقینی بنائیں کہ ان کا بچہ اوباش اور آوارہ لڑکوں کی بری صحبت کا شکار ہوکر ون ویلنگ جیسے منفی اور جان لیوا رجحان کا شکار نہ ہو اور خدانخواستہ کسی ممکنہ حادثے کی صورت میں ان کے لیے زندگی بھر کا روگ نہ بن جائے۔

انہوں نے متنبہ کیا کہ اگر کوئی بھی نوجوان یا کم عمر لڑکا ون ویلنگ کرتے ہوئے یا ڈرائیونگ لائسنس کے بغیر موٹر سائیکل چلاتا ہوا پکڑا گیا تو اس کے خلاف ہر صورت قانون حرکت میں آئے گا اور اس سلسلے میں کسی سے کوئی رعایت نہیں برتی جائے گی۔