بلاول بھٹو زرداری کا سندھ پیپلز ہاؤسنگ کے تحت بننے والے سیلاب سے متاثرہ افراد کے گھروں،اسکول اور ڈسپنسری کا دورہ

ہفتہ 19 اپریل 2025 22:56

بلاول بھٹو زرداری کا سندھ پیپلز ہاؤسنگ کے تحت بننے والے سیلاب سے متاثرہ ..
حیدرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 اپریل2025ء)پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے ہفتہ کو گاؤں جھنڈو کھوسو اور گاؤں ہمت آباد میں میں سندھ پیپلز ہاؤسنگ کے تحت بننے والے سیلاب سے متاثرہ افراد کے گھروں،اسکول اور ڈسپنسری کا دورہ کیا ۔بلاول بھٹو زرداری نے گاؤں جھنڈو کھوسو میں سیلاب سے متاثرہ افراد کو ان کے گھروں کے مالکانہ حقوق کی اسناد دیں۔

گاؤں جھنڈو کھوسو میں سیلاب سے 209 گھر متاثر ہوئے جس میں سے 135 سے زائد گھر تعمیر ہوچکے ہیں۔بلاول بھٹو زرداری نے متاثرین سے مکالمہ کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے خواتین کو ان گھروں کا مالک بنایا ہے تاکہ ایک پوری نسل ترقی کرسکے۔گاؤں ہمت آباد میں معذور خاتون نے بلاول بھتو زرداری کو بتایاکہ جب میرے سسر کا انتقال ہوا تو ساس کو اپنے ساتھ رکھ کر سسر کے گھر کو ڈسپنسری میں تبدیل کردیا۔

(جاری ہے)

ایک خاتون ٹیچر نے بتایاکہ میں اپنے گھر میں صبح کے اوقات میں گاؤں کے تمام بچوں کو تعلیم دیتی ہوں۔ مسیحی کولہی خاتون نے چیئرمین پیپلزپارٹی کو بتایا کہ گاؤں ہمت آباد کے مکین دہائیوں قبل جبری مزدوری سے آزاد کرواکر بسائے گئے تھے جن کو سیلاب کے بعد سندھ حکومت نے گھر دئیے۔بلاول بھٹو زرداری نے منتخب نمائندوں کو ہدایت کی کہ گاؤں ہمت آباد میں پانی کی کمی سمیت دیگر مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کئے جائیں۔