مشیر صحت احتشام علی کا ہزارہ ریجن کا دورہ، کنگ عبداللہ ہسپتال مانسہرہ میں صحت کارڈ پر غیر معیاری ادویات کی فراہمی پر ایم ایس معطل

ہفتہ 19 اپریل 2025 21:30

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 اپریل2025ء) وزیر اعلی خیبر پختونخوا کے مشیربرائے صحت احتشام علی نے ہزارہ ریجن کا تفصیلی دورہ کیا۔ انہوں نے سب سے پہلے عوامی شکایات پر کنگ عبداللہ ہسپتال مانسہرہ کا دورہ کیا جہاں صحت کارڈ پر غیر معیاری ادویات کی فراہمی پر ایم ایس کو معطل کرکے انہیں ڈی جی ہیلتھ رپورٹ کرنے کی ہدایت کی۔ مشیر صحت نے ایبٹ آباد میں سٹیٹ آف دی آرٹ ریجنل بلڈ سنٹر کا افتتاح بھی کیا۔

اس موقع پر ان کا کہنا تھا کہ اس سنٹر کے قیام سے انتقال خون سے پھیلنے والی ایچ آئی وی اور دیگر مہلک بیماریوں کا سدباب ہوگا اور بلڈ سنٹر کے قیام سے ہزارہ کے پانچ ضلعی ہسپتالوں کو خون کی فراہمی ہوگی۔ انہوں نے مزید بتایا کہ بلڈ ٹرانسفیوژن اتھارٹی کو بھی فعال کیا جا رہا ہے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر ایوب ٹیچنگ ہسپتال میں تھیلیسیمیا کے مریضوں کیلئے مفت خون کی فراہمی کا اعلان بھی کیا گیا۔

ریجنل ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر عامر اسرار نے مشیر صحت کو محکماتی اُمور بارے بریف کیا اورہسپتالوں میں ادویات اور سٹاف بارے تفصیلات فراہم کیں۔ مشیر صحت نے پاکستان اسلامک میڈیکل ایسوسی ایشن سیمینار میں بطور مہمان خصوصی شرکت بھی کی جہاں پر خطاب کے دوران انہوں نے شرکا کو صحت میں جاری اصلاحات اور آئندہ کے لائحہ عمل کے بارے میں آگاہ کیا اور پاکستان تحریک انصاف کے ہیلتھ ایجنڈہ پر تفصیلی گفتگو کی۔

مشیر صحت احتشام علی نے بعد ازاں چئیرمین بی او جی ایم ٹی آئی ایوب میڈیکل کمپلیکس ڈاکٹر عابد جمیل سے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران ایم ٹی آئی کو درپیش مسائل اور ان کے حل کے بارے میں تفصیلی گفتگو ہوئی۔ چئیرمین بی او جی ڈاکٹر عابد جمیل نے مشیر صحت کو ہسپتال کی کارکردگی اور جاری منصوبوں پر بھی تفصیلی بریف کیا۔