کراچی: ملیر میں لوڈشیڈنگ پر احتجاج، کے الیکٹرک کا موقف آگیا

ملیر ہالٹ کے قریب صدیق گوٹھ میں عدم ادائیگیوں کے باعث نادہندگان کی بجلی منقطع کی گئی ہے، ترجمان کے ای

ہفتہ 19 اپریل 2025 21:45

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 اپریل2025ء)کراچی کے علاقے ملیر ہالٹ صدیق گوٹھ میں لوڈشیڈنگ پر کے الیکٹرک کا موقف آگیا۔ترجمان کے الیکٹرک نے کہا کہ ملیر ہالٹ کے قریب صدیق گوٹھ میں عدم ادائیگیوں کے باعث نادہندگان کی بجلی منقطع کردی گئی ہے۔ترجمان کے مطابق منقطع کیے گئے نادہندگان پر مجموعی طور پر واجب الادا رقم 90 کروڑ سے تجاوز کرچکی ہے۔

(جاری ہے)

کے الیکٹرک ترجمان نے کہا کہ علاقہ مکین وقت پر بلوں کی ادائیگی کو یقینی بنائیں۔ترجمان نے بتایا کہ لوڈشیڈنگ کا دورانیہ علاقے میں ہونے والی بجلی چوری اور بلوں کی بروقت ادائیگی پر منحصر ہے۔واضح رہے کہ ملیر کالا بورڈ پر بجلی کی لوڈشیڈنگ کے خلاف علاقہ مکینوں نے احتجاج کیا جس کے باعث نیشنل ہائی وے اور اطراف کی شاہراہوں پر ٹریفک جام اور گاڑیوں کی قطاریں لگ گئیں۔احتجاج کے باعث شاہ فیصل کالونی، کورنگی روڈ پر بھی ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی۔