بھارت، ہندو انتہاپسندوں نے بہادر شاہ ظفر کی تصویرپر اورنگ زیب سمجھ کرسیاہی پھیر دی

ہفتہ 19 اپریل 2025 22:50

نئی دہلی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 اپریل2025ء) بھارتی شہرغازی آباد میں ہندوتوا تنظیم ''ہندو رکشا دل ''کے ارکان نے ریلوے اسٹیشن پر موجود آخری مغل بادشاہ بہادر شاہ ظفر کی ایک تصویر پر یہ سمجھ کرسیاہی پھیر دی کہ یہ چھٹے مغل بادشاہ اورنگزیب کی ہے۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق ہندو رکشا دل کے ارکان نے ''اورنگزیب مردہ باد ''کے نعرے لگاتے ہوئے دیوار پر موجودبہادر شاہ ظفر کی 16فٹ اونچی پینٹنگ پر سیاہ رنگ پھینک دیا۔

ہندو انتہاپسند مہاراشٹر کے شہر اورنگ آباد میں اورنگزیب کے مقبرے کو ہٹانے کا مطالبہ کررہے ہیں۔ ریلوے کے ایک عہدیدارنے بھارتی اخبار'' ٹائمز آف انڈیا'' کوفون پر بتایا کہ ہجوم کو اس بات پر قائل کرنے کی کوشش کی گئی کہ دیوار پر بہادر شاہ ظفر کی تصویر ہے۔

(جاری ہے)

لیکن وہ نہیں مانے اورتصویر پر رنگ پھینک دیا۔انہوں نے کہاکہ اس سے پہلے کہ ہم سمجھ پاتے کہ کیا ہو رہا ہے، وہ ایک دوسرے کے اوپر چڑھ گئے اور پورٹریٹ پر رنگ پھینک دیا۔

عہدیدار نے بتایا کہ وہ ''ہندو رکشا دل زندہ باد''کے نعرے لگارہے تھے۔نامعلوم افراد کے خلاف ریلوے ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کیا گیا تھا جو ریلوے کے کسی حصے میں غیر قانونی داخلے سے متعلق ہے۔اس آرٹ پراجیکٹ کی نگرانی کرنے والی تنظیم سی ایس دشا فائونڈیشن کی ادیتا تیاگی نے ٹائمز آف انڈیا کو بتایا کہ مذکورہ پینٹنگ یقینی طور پر اورنگ زیب کی نہیں بلکہ بہادر شاہ ظفر کی ہے۔