بھارت ،ہندوتواکا نعرہ لگانے سے انکار پرہندو انتہاپسندوں کا مسلمان لڑکے پر حملہ

ہفتہ 19 اپریل 2025 22:50

لکھنو (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 اپریل2025ء) بھارتی ریاست اترپردیش میں ایک 13سالہ مسلمان لڑکے کو ہندوتوا غنڈوں نے اس وقت تشدد کا نشانہ بناکر زخمی کردیاجب اس نے ہندوتوا کا نعرہ لگانے سے انکار کر دیا۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق واقعہ کانپور کے علاقے مہاراج پور میں اس وقت پیش آیا جب لڑکے نے جے شری رام کا نعرہ لگانے سے انکار کردیا۔

(جاری ہے)

لڑکے نے اپنے اہل خانہ کو واقعہ سناتے ہوئے کہا کہ ہندو انتہاپسندوں نے اسے اپنے گھرکے قریب روک لیا جب وہ ایک بس اسٹاپ کی طرف جا رہا تھا۔ حملہ آوروں نے مطالبہ کیا کہ وہ جھک کر ان کے پائوں چھوئے۔ جب اس نے انکار کیا تو انہوں نے اسے ہندوتوا کا نعرہ لگانے کا حکم دیا۔اس کے انکار پر حملہ آوروں نے ایک بوتل توڑ دی اور ٹوٹے ہوئے شیشے سے اس کی بائیں ٹانگ میں وار کیا اورشدید تشدد کا نشانہ بنایا۔ زخمی لڑکا خون میں لت پت گھر واپس آیا اور اپنے گھر والوں کو حملے کے بارے میں بتایا۔ لڑکے کا کہنا ہے کہ ہندو انتہاپسندوں نے اس سے پہلے بھی انہیں کئی بار اپنی نفرت انگیز مہم کا نشان بنایا۔