مسجد اقصی پر بمباری کے اسرائیلی منصوبے کے بارے میں فلسطینی انتباہ

فلسطینیوں کو تنہا کرنے کے خاتمے کے لیے بین الاقوامی قانون کے تحت مطلوبہ اقدامات کیے جائیں،بیان

اتوار 20 اپریل 2025 11:25

غزہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 اپریل2025ء)فلسطینی وزارت خارجہ نے اسرائیلی تنظیموں کی جانب سے مشرقی القدس میں مسجد اقصی پر بمباری کے منصوبے کے بارے میں خبردار کیا ہے۔میڈیارپورٹس کے مطابق وزارت نے ان تنظیموں سے وابستہ پلیٹ فارمز پر پھیلائی جانے والی تنبیہ کے بارے میں خبردار کیا ہے۔ اس انتباہ میں مسجد اقصی کو اڑا دینے اور تباہ کرنے اور اس کی جگہ مبینہ ہیکل کی تعمیر کی بات کی گئی تھی۔

وزارت خارجہ نے ان کالوں کو مقبوضہ بیت المقدس میں عیسائی اور اسلامی مقدس مقامات کو نشانہ بنانے کے لیے ایک منظم اشتعال انگیزی قرار دیا ہے۔بیان میں کہا گیا ہے اسرائیل کے حکمران غزہ کی پٹی میں کیے جانے والے جنگی جرائم پر کمزور بین الاقوامی رد عمل کے تناظر میں اب خود کو اپنے توسیع پسندانہ اور نسل پرستانہ منصوبوں کو عملی جامہ پہنانے کے قابل محسوس کر رہے ہیں۔

(جاری ہے)

وزارت نے بین الاقوامی برادری اور اس کے متعلقہ اقوام متحدہ کے اداروں سے مطالبہ کیا ہے کہ اس اشتعال انگیزی سے انتہائی سنجیدگی کے ساتھ نمٹا جائے ۔ اسرائیلی حکومت کی طرف سے ہمارے لوگوں کو تنہا کرنے کے خاتمے کے لیے بین الاقوامی قانون کے تحت مطلوبہ اقدامات کیے جائیں۔ عالمی برادری امن کے لیے اسرائیل کو بین الاقوامی اور علاقائی خواہشات پر عمل کرنے اور بین الاقوامی قانونی قراردادوں کی تعمیل کرنے پر مجبور کریں۔