کے ایم سی و ٹی ایم سیز کے ملازمین و پنشنرز نے تنخواہیں اور پنشن ادا نہ کرنے کیخلاف ایسٹر کا تہوار کراچی پریس کلب کے سامنے بطور احتجاج منایا

ایسٹر کی خصوصی دعائیہ عبادت کا بھی اہتمام، مظاہرین نے ہاتھوں میں بینر اور پلے کارڈ اٹھارکھے تھے اور وہ وقفے وقفے سے تنخواہوں اور پینشن کی عدم ادائیگی کے خلاف نعرے بازی بھی کررہے تھے

اتوار 20 اپریل 2025 19:00

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 اپریل2025ء)کے ایم سی،ٹی ایم سیزکے سینکڑوں ملازمین نے ایسٹر کے موقع پر مسیحی ملازمین کو ایڈونس تنخواہیں اور پینشن ادا نہ کرنے کے خلاف بطور احتجاج ایسٹر کا تہوار کراچی پریس کلب کے سامنے سڑک پر منایا۔ اس موقع پر انہوں نے ہاتھوں میں بینر وپلے کارڈزاٹھارکھے تھے اوروہ وقفے وقفے سے شدید نعرے بازی بھی کررہے تھے۔

اس موقع پر مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے ممتاز قانون دان سلیم مائیکل ایڈوکیٹ، میونسپل ورکرز ٹریڈیونینز الائنس کے صدر سید ذوالفقارشاہ، عمران علی، حبیب الرحمن اعوان، الیاس خان جدون، ملک امیر اعظم،ملک اعجاز، پیٹر برنارڈ،شوکت اسٹیفن، ولیم صادق،جوزف صنم نے کہا کہ فنانس رول، عدالتی احکامات اور یونین ایگریمنٹ کے تحت اگر تہوار 15 تاریخ کے بعد آئے تو تہوارسے قبل تنخواہیں اور پینشن ادا کی جاتی ہے لیکن حکومت سندھ کے محکمہ فنانس نے آخری ورکنگ ڈے میں تاخیر سے نوٹیفیکشن اور 50 فیصد اوذیڈ ٹی جاری کی۔

(جاری ہے)

جبکہ ٹاونز کی اکثریت اور کے ایم سی نے دانستہ سیلیری بلز اور کے ایم سی نے پینشن بلز دس روز قبل تحریری آگاہی کے باوجود تیار نہیں کیے۔ جس کی وجہ سے مسیحی ملازمین ایڈونس تنخواہوں جبکہ کے ایم سی کے 8 ہزار مسیحی پنشنرز کو پنشن کی ادائیگی نہ ہوسکی۔جس کی وجہ سے آج وہ اپنا تہوار بطور کراچی پریس کلب پر منانے پر مجبور ہوگئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ آئین کے آرٹیکل 204 کی خلاف ورزی اور اقلیتوں کے ساتھ امتیازی سلوک ہے۔

اس کے خلاف ہر لیگل فورم سے رجوع کیا جائے گا۔ اور کے ایم سی کونسل کے اجلاس کے دوران کے ایم سی کے 8 ہزار مسیحی پینشنرز کو ایڈونس پینشن نہ دینے پربھی احتجاج کیا جائے گا۔ میونسپل ورکرز ٹریڈ یونینز الائنس کے تحت ہونے والے احتجاجی مظاہرے میں سجن یونین، یونائیٹڈ ورکرز یونین کنیز فاطمہ گروپ، یونائیٹڈ ورکرز یونین فرید اعوان گروپ، پیپلز یونائیٹڈ ورکرز یونین، کے ایم سی آفیسرز و آفیشلز ایکشن کمیٹی، بلدیہ جنوبی ایمپلائز ایکشن کمیٹی، لوکل گورنمنٹ ایجوکیشن ایمپلائز ایسوسی ایشن، جسٹس ہیلپ لائن منارٹیز ونگ اور دیگرتنظیموں نے شرکت کی۔

الائنس کے رہنماوں تنویر احمد،، آصف خان، عباس احمد، مزمل شاہ، عبدالوسام، فرانسیس اختر، مشتاق احمدایڈووکیٹ اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔بعدازاں مظاہرین پر امن طور پر منتشر ہوگئے۔