ڈیرہ جات آف روڈ چیلنج میں مختلف کیٹگری کے مقابلے اختتام پذیر ہو گئے

اتوار 20 اپریل 2025 19:45

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 اپریل2025ء)ڈیرہ جات آف روڈ چیلنج میں مختلف کیٹگری کے مقابلے اختتام پذیر ہو گئے۔ایونٹ کے آخری روز پریپیرڈ کیٹگری کے مقابلوں میں چار کیٹگری بنائے گئے۔ اے کیٹگری میں پہلی پوزیشن نادر مگسی نے 44 منٹ 18 سیکنڈ میں،بی کیٹگری میں پہلی پوزیشن گوہر نے 49 منٹ ایک سیکنڈ میں اور سی کیٹگری میں پہلی پوزیشن بیوار مزاری نے 50 منٹ 59 سیکنڈ میں حاصل کی جبکہ ڈی کیٹگری میں پہلی پوزیشن شکیل نے 49 منٹ 59 سیکنڈ میں حاصل کی۔

پریپیرڈ کیٹگری میں ملک کے 22 نامور ریسرز نے اپنی مہارت کا مظاہرہ کیا ۔اس کیٹیگری کے لیے 69 کلومیٹر کا ٹریک بنایا گیا تھا۔ڈیرہ جات تقریب کے آخری روز شائقین کی کثیر تعداد جیپ ریلی کو دیکھنے کے لیے موجود رہی۔ تقسیم انعامات کی اختتامی تقریب رتہ کلاچی سپورٹس کمپلیکس میں منعقد کی جائے گی جس میں مہمان خصوصی وزیراعلی خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور ہوں گے۔

(جاری ہے)

مقابلوں کے آخری روز سیکورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے تھے ۔ مختلف مقامات پر چیکنگ اور مانیٹرنگ کا انتظام کیا گیا تھا۔ تحصیل میئر ڈیرہ اسماعیل خان عمر امین گنڈاپوکا کہنا تھا کہ مقابلوں کا مقصد نوجوانوں کو مثبت تفریح فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ خطے کی سیاحتی صلاحیتیں اجاگر کرکے ثقافتی ورثہ کو برقرار رکھنا ہے۔