مسیحی برادری نے ایسٹر کا تہوار مذہبی جوش و خروش سے منایا

اتوار 20 اپریل 2025 20:20

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 اپریل2025ء) ملک بھر کی طرح صوبائی دارالحکومت لاہور میں بھی مسیحی برادری نے اتوارکے روز ایسٹر کا تہوار مذہبی جوش و خروش سے منایا۔ اس دن کی مناسبت سے ملک بھر کے گرجا گھروں میں ایسٹر عبادات اور تقریبات منعقد ہوئیں جس میں ملکی ترقی و خوشحالی کیلئے دعائیں کی گئیں۔ اس حوالے سے گرجا گھروں میں سکیورٹی کے سخت انتظامات بھی کئے گئے۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ ایسٹر روزوں کے ایام کے بعد منایا جانے والا مسیحی تہوار ہے،اس سے قبل 40روزے رکھے جاتے ہیں، ایسٹر کو عید پاشکا یا عید قیامت المسیح بھی کہا جاتا ہے،اس دن کے حوالے سے لاہور کے کیتھڈرل چرچ،سینٹ انتھونی،سیکرٹ ہارٹ کیتھڈرل ، میری کیتھڈرل اور نولکھا پریسبیٹرین سمیت دیگرچرچز میں مسیحی برادری نے اپنے مذہب کے مطابق خصوصی عبادات کیں،لاہور سمیت ملک بھر میں مسیحی کمیونٹی کی عبادت گاہوں کیلئے سکیورٹی کو ہائی الرٹ رکھا گیا جس کے تحت گرجا گھروں کے اندر اور باہر پولیس اہلکار تعینات کئے گئے جبکہ عبادت کیلئے آنے والوں کو جامع تلاشی کے بعد اندر داخل ہونے کی اجازت دی گئی،گرجا گھروں کی طرف آنے والے راستوں پر پولیس نے ناکے لگا رکھے تھے جبکہ پولیس اور ایلیٹ فورس کمانڈوز نے گرجا گھروں کے اطراف میں پٹرولنگ کی۔