Live Updates

پی ایس ایل 10، کراچی کنگز کا اسلام آباد یونائیٹڈ کو جیت کے لیے 129 رنز کا ہدف

دفاعی چیمپئن ٹیم کے سپنرز نے کراچی کے بیٹرز کو کھیل کر کھیلنے کا موقع ہی نہیں دیا

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب اتوار 20 اپریل 2025 21:36

پی ایس ایل 10، کراچی کنگز کا اسلام آباد یونائیٹڈ کو جیت کے لیے 129 رنز ..
کراچی (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 20 اپریل 2025ء ) پاکستان سپر لیگ کے دسویں ایڈیشن کے دسویں میچ میں کراچی کنگز نے دفاعی چیمپئن اسلام آباد یونائیٹڈ کو جیت کے لیے 129 رنز کا ہدف دیا ہے۔ 
کراچی کے نیشنل بینک اسٹیڈیم میں کھیلے جارہے میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتان شاداب خان نے ٹاس جیت کر پہلے کراچی کنگز کو بیٹنگ کی دعوت دی۔ کراچی کنگز نے مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹ پر 128رنز بنائے، ٹم سائفرٹ نے 30 اور عباس آفریدی نے 24 رنز بنائے۔

 
شاداب خان، نسیم شاہ اور جیسن ہولڈر نے 2۔2 کھلاڑی آؤٹ کیے۔ 
کراچی کنگز کے لیے آج کا دن کچھ خاص نہیں رہا۔ آخری چند اوورز کو چھوڑ کر، تقریباً پوری اننگز میں ان کے حق میں کچھ نہیں جا سکا، غیر یقینی باؤنس اور گیند کی سست روی نے بیٹرز کو پریشان کیے رکھا، اور شاٹس کی ٹائمنگ ایک بڑا چیلنج بن گئی۔

(جاری ہے)

 

اسلام آباد یونائیٹڈ کے بولرز نے شاندار حکمتِ عملی اپناتے ہوئے کراچی کی بیٹنگ لائن پر دباؤ بنائے رکھا، ابتدا میں حاصل کی گئی اہم وکٹوں نے کنگز کو پیچھے دھکیل دیا۔

 
سپنرز عماد وسیم اور شاداب خان نے گھومتی گیندوں سے کراچی کو جال میں پھنسائے رکھا، جبکہ پیسرز نے بھی کفایتی بولنگ کی۔ 
نوجوان فاسٹ بولر نسیم شاہ نے ڈیوڈ وارنر کو آؤٹ کرنے کے لیے ایک "پرفیکٹ گیند" کروائی، جو بلاشبہ آج کی سب سے یادگار ڈیلیوری تھی۔ 
2020ء کی پی ایس ایل چیمپئن کراچی کنگز کی جانب سے ٹیم میں صرف ایک تبدیلی کی گئی، ریاض اللہ کی جگہ محمد سعود کو اسکواڈ میں شامل کیا گیا ہے۔

 
اسلام آباد یونائیٹڈ نے ٹیم میں دو تبدیلیاں کی ہیں، محمد نواز اور بین ڈوارشئیس کو اسکواڈ کا حصہ بنایا ہے۔ 
واضح رہے کہ کراچی کنگز نے ٹورنامنٹ میں اب تک 3 میچز کھیلے ہیں جن میں 2 میں کامیابی اور ایک میں شکست ہوئی ہے جب کہ 3 مرتبہ کی چیمپئن اسلام آباد یونائیٹڈ اب تک ناقابل شکست رہی ہے اور وہ تینوں میچز جیتنے میں کامیاب رہی ہے۔
Live پی ایس ایل 10 سے متعلق تازہ ترین معلومات