وزیر اعلیٰ پنجاب کے ہیلتھ انیشیٹیو کے ثمرات عوام تک ہر صورت پہنچائیں گے، کمشنر گوجرانوالہ

اتوار 20 اپریل 2025 22:00

سیالکوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 اپریل2025ء) کمشنر گوجرانوالہ ڈویژن سید نوید حیدر شیرازی ، ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ سید حسن رضا اور رکن قومی اسمبلی سیدہ نوشین افتخار گیلانی نے تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال ڈسکہ کا اچانک دورہ کیا۔ کمشنر گوجرانوالہ ڈویژن نے ہسپتال کے مختلف شعبوں اور مریضوں کو فراہمی کی جانے والی طبی سہولیات کے معیار کا جائزہ لیا۔

انہوں نے مریضوں اور ان کے لواحقین سے ہسپتال میں ملنے والی طبی سہولیات کے معیار کی بابت استفسار کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے ڈاکٹرز اور پیرا میڈکس سٹاف کو ہدایت کی کہ وہ مریضوں سے شفقت اور اخلاق سے پیش آئیں ۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر مسیحائی پیشہ ہے ایمانداری سے کیا جائے تو عین عبادت ہے۔ کمشنر گوجرانوالہ کا کہنا تھا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کے ہیلتھ انیشیٹیو کے ثمرات عوام تک ہر صورت پہنچائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے عوام کی سہولت کیلئے انقلابی اقدامات کئے ہیں اور یہی وجہ ہے کہ سرکاری ہسپتالوں میں بلا معاوضہ معیاری طبی سہولیات کی فراہمی اولین ترجیح ہے ۔ سید نوید حیدر شیرازی کا کہنا تھا کہ مریضوں کی شکایات کا ازالہ کیا جائے گا اور فرائض میں غفلت پر کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔