تہران دو سال سے ٹرمپ کے ساتھ خفیہ طور پر رابطہ کر رہا ہے، ایرانی رکن پارلیمنٹ

امریکی فریق نے اس بات چیت کے دوران صرف اور صرف ایٹمی معاملے پر توجہ مرکوز کر رکھی ہے،گفتگو

پیر 21 اپریل 2025 13:13

واشنگٹن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 اپریل2025ء)امریکی اور ایرانی فریقین کی طرف سے کل ہفتے کے روز روم میں ہونے والی بات چیت کے دوسرے دور کو تعمیری اور اچھا قرار دینے کے بعد ایک ایرانی رکن پارلیمنٹ نے نئی معلومات کا انکشاف کیا۔میڈیارپوٹس کے مطابق ایرانی پارلیمنٹ کی قومی سلامتی اور خارجہ پالیسی کمیٹی کے رکن محمد مہدی شہریاری نے کہا ہے کہ سپریم لیڈر علی خامنہ ای کے علم میں ہے کہ تہران گزشتہ دو سالوں سے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی ٹیم کے ساتھ رابطے میں ہے۔

ایرانی رکن پارلیمان نے مزید کہا ہے کہ امریکی فریق نے اس بات چیت کے دوران صرف اور صرف ایٹمی معاملے پر توجہ مرکوز کر رکھی ہے۔ علی خامنہ ای کو سفارتی آلات کے ذریعے براہ راست اور درست معلومات پہنچائی جا رہی ہیں۔

(جاری ہے)

محمد مہدی شہریاری نے یہ بھی اطلاع دی ہے کہ نائب وزیر خارجہ اور ایرانی مذاکراتی ٹیم کے موجودہ رکن مجید تخت روانچی نے پہلے اس بات کی تصدیق کی تھی کہ امریکیوں نے ہر اس بات پر اتفاق کیا جو ہم نے ان سے کہا تھا۔

انہوں نے اپنی بات جاری رکھتے ہوئے کہا ہے کہ سابق ایرانی صدر حسن روحانی کے دور میں تہران نے اشارہ دیا تھا کہ اگر ٹرمپ کیمروں کے سامنے آکر یہ اعلان کریں کہ امریکہ جس طرح ایٹمی معاہدے سے دستبردار ہوا تھا اسی طرح واپس معاہدے میں آجائے گا تو ایرانی فریق بھی معاہدے کی طر ف واپس آجائے گا۔