ہمیں اقبال کے فلسفہ خودی کو سمجھتے ہوئے پاکستان کیلئے شب و روز محنت کرنا ہو گی، ڈپٹی ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر

پیر 21 اپریل 2025 17:25

سیالکوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 اپریل2025ء) ڈپٹی ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر (زنانہ) تحصیل سمبڑیال فرخندہ یاسمین کی زیرِ نگرانی شاعر مشرق ڈاکٹر علامہ محمد اقبال ؒکے یومِ وفات کے سلسلے میں گورنمنٹ گرلز کمیونٹی ماڈل سکول رندیھر تحصیل سمبڑیال میں دعائیہ تقریبات منعقد کی گئیں،جن میں بچوں کو علامہ محمد اقبالؒ کی فکر اور فلسفہِ خودی سے روشناس کروایا گیا۔

(جاری ہے)

تقریبات میں بچوں نے کلامِ اقبال پیش کیا اور ’’اقبال کا جوان اور آج کا پاکستان‘‘ کے موضوع پر تقاریر کیں۔ ڈپٹی ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر فرخندہ یاسمین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ سیالکوٹ کی خوش قسمتی ہے کہ اقبال جیسے مفکر کا خمیر یہاں سے اٹھایا گیا،جن کی سوچ اور تخیل نے ہمیں پاکستان جیسی نعمت سے نوازا لہذا ہمیں اقبال کے فلسفہ خودی کو سمجھتے ہوئے پاکستان کے لیے شب و روز محنت کرنا ہو گی۔انہوں نے کہا کہ آج بھی کلام اقبال اور نظریات اقبال سے قوموں کی تقدیر کو بدلا جا سکتا ہے ۔تقریب کے اختتام پر علامہ محمد اقبالؒ کے بلندیِ درجات کے لئے فاتحہ خوانی بھی کی گئی۔