ریاست آزاد جموں و کشمیر کے سرکاری ملازمین ہاؤس رینٹ اور ایچ بی اے کے لیے دربدر

پیر 21 اپریل 2025 17:28

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 اپریل2025ء) ریاست آزاد جموں و کشمیر کے سرکاری ملازمین ہاؤس رینٹ اور ایچ بی اے کے لیے دربدر جبکہ اشرافیہ ہاؤس رینٹ سمیت ایچ بی اے بھی لے اڑا۔ سالہا سال سے اپنے سر کی چھت بنانے کے منتظر سرکاری چھوٹے ملازمین ایچ بی اے کے لیے دربدر جبکہ اشرافیہ نہ صرف ہاؤس رینٹ وصول کر رہا ہے بلکہ ہر سال ایچ بی اے کی مد میں بھاری رقم بھی ہضم کر جاتا ہے۔

سرکاری آفسران کی اکثریت ذاتی مکانات اور سرکاری مکانات میں مقیم ہیں مگر اس کے باوجود وہ ہاؤس رینٹ بھی وصول کر رہے ہیں اور ایچ بی اے بھی جبکہ چھوٹے سرکاری ملازمین جن کا کوئی والی وارث نہیں وہ دربدر ایچ بی اے کے لیے سراپا التجا ہی رہتے ہیں۔ سرکاری ملازمین کی اکثریت نے وزیراعظم آزاد کشمیر چوہدری انوار الحق و دیگر ارباب اختیار سے مطالبہ کیا ہے کہ چھوٹے ملازمین کو ایچ بی اے دینے کے لیے خصوصی احکامات ادا کرنے کے لیے کردار ادا کریں تاکہ چھوٹے غریب ملازمین جو ایک عرصہ سے اپنے چھت کی آس لگائے جی رہے ہیں، وہ اپنا چھت بنا کر اپنے گھروں میں زندگی بسر کر سکیں اور آئے روز کرائے کے گھروں میں دربدر ہونے کی وجہ سے جن مشکلات کا وہ شکار ہیں ان سے بچ سکیں۔

(جاری ہے)

شدید مہنگائی میں معمولی تنخواہ میں کرایہ ادا کرنا ان ملازمین کے لیے ناممکن ہو کر رہ گیا ہے، جس کی وجہ سے کئی ایک ملازمین اپنے بچوں کو زیور تعلیم سے آراستہ کرنے سے بھی محروم ہیں۔ میرٹ پر ایچ بی اے کی فراہمی کے لیے کردار ادا کیا جائے۔