بیرون ملک مقیم اوورسیزپاکستانیز وکشمیری پاکستان کے ایمبیسیڈرہیں، چوہدری نعیم اختر

پیر 21 اپریل 2025 17:29

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 اپریل2025ء)ممبر آزاد جموں وکشمیر کونسل محمد حنیف ملک کی جانب سے گذشتہ روز اوورسیز پاکستانیوں اور کشمیریوں کے اعزاز میں’’بین الاقوامی اوورسیز کانفرنس‘‘ کا انعقاد کیا گیا۔بین الاقوامی اوورسیز کانفرنس کی صدارت سابق وزیراعظم آزادکشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان نے کی جبکہ معاون خصوصی وزیراعظم پاکستان شبیر احمد عثمانی نے بحثیت مہمان خصوصی شرکت،اس موقع پر ممبر آزاد جموں وکشمیر کونسل عدنان خالد،سیکرٹری کشمیر افیئر ظفر حسن،ایڈیشنل سیکرٹری لیفٹیننٹ کامران رحمان خان،جوائنٹ سیکرٹری علی اکبر خٹک سمیت اوورسیز پاکستانیوں اور کشمیریوں کی کثیر تعداد موجود تھی۔

بین الاقوامی اوورسیز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے چوہدری نعیم اختر نے کہا کہ بین الاقوامی اوورسیز کانفرنس منعقد کرنے پر محمد حنیف ملک کو مبارکباد پیش کرتا ہوں بیرون ملک مقیم اوورسیز پاکستانیز وکشمیری پاکستان کے ایمبیسیڈر ہیں اوورسیز نے اس بار بھی ریکارڈ زرمبادلہ بھیج کر ملکی معیشت کو نئی طاقت دی،دنیا بھر میں مقیم پاکستانیوں اور کشمیریوں کا آبائی وطن کی معیشت میں اہم کردار ہے۔

(جاری ہے)

انھوں نے مزید کہا کہ پاکستان اور آزاد جموں وکشمیر کے عام شہری دنیا بھر میں اعلیٰ ترین سیاسی عہدوں پر پہنچے ہیں،بس ڈرائیورز کے بچوں نے رکن پارلیمنٹ بن کر مثالیں قائم کی ہیں ہم ان شاء اللہ اپنے ملک پاکستان کے لئے بیرون ملک رہ کر بھی اپنی خدمات دیتے رہیں گے۔ان کا کہنا تھا کہ دنیا بھر میں مقیم پاکستانی وکشمیری کمیونٹی اپنے وطن میں سرمایہ کاری کریں اپنے وطن میں سرمایہ کاری کرنے سے ہمارا سرمایہ بھی محفوظ رہے گا اور پاکستان دن دگنی رات چوگنی ترقی کرے گا۔