امریکی نائب صدرکے بچے کرتا پاجامہ اورانارکلی فراک میں ملبوس بھارت پہنچ گئے

پیر 21 اپریل 2025 17:43

امریکی نائب صدرکے بچے کرتا پاجامہ اورانارکلی فراک میں ملبوس بھارت ..
واشنگٹن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 اپریل2025ء)کرتا پاجامہ اور انار کلی فراک میں ملبوس امریکی نائب صدر جے ڈی وینس کے بچے بھی والدین کے ہمراہ بھارت پہنچے ہیں۔میڈیارپورٹس کے مطابق امریکا کے نائب صدر جے ڈی وینس اپنی بھارتی نژاد اہلیہ اوشا اور 3 بچوں کے ہمراہ بھارت کے دورے پر دہلی پہنچے، پالم ٹیکنیکل ایئر پورٹ پر یونین وزیر اشونی ویشنو نے ان کا استقبال کیا۔

دورہ بھارت کے دوران وینس کے دونوں بیٹے کرتا پاجامہ جبکہ بیٹی انارکلی سوٹ میں ملبوس تھی، جو بھارتی ثقافت سے جڑے ان کے احترام اور محبت کا خوبصورت اظہار تھا۔ان کے بڑے بیٹے ایوان نے ہلکے نیلے رنگ کا خوبصورت کرتا زیب تن کیا تھا، طیارے سے اترنے کے بعد ایوان نے رن وے پر اپنے والد سے بغل گیر ہو کر خوشی کا اظہار کیا، اس کے بعد ان کے چھوٹے بھائی ویوک جو زرد (پیلا) کرتا پہنے ہوئے تھے، طیارے سے نیچے اترے اور اپنے بھائی سے گلے ملے۔

(جاری ہے)

چھوٹی سی میرابیل جو صرف 3 سال کی ہیں، عملے کے ایک رکن کے ہمراہ سیڑھیاں اترتی ہوئی نظر آئیں، جے ڈی وینس نے بیٹی کو گود میں اٹھا کر شفقت کا اظہار کیا۔جے ڈی وینس کا یہ دورہ بھارت اور امریکا کے درمیان بڑھتے ہوئے تعلقات کا مظہر ہے، بھارتی ثقافت کا احترام کرتے ہوئے ان کے اہلِ خانہ کی روایتی بھارتی لباس میں آمد نے عوام اور میڈیا دونوں کے دل جیت لیے ہیں۔

متعلقہ عنوان :