چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی کا مسیحیوں کے روحانی پیشوا پاپ فرانسس کے انتقال پر اظہارِ تعزیت

پیر 21 اپریل 2025 17:55

چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی کا مسیحیوں کے روحانی پیشوا پاپ فرانسس ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 اپریل2025ء)چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے کیتھولک مسیحیوں کے روحانی پیشوا پاپ فرانسس کے انتقال پر دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہاہے کہ پاپ فرانسس ایک مدبر، انسان دوست اور بین المذاہب مکالمے کے داعی رہنما تھے جنہوں نے اپنے دورِ قیادت میں دنیا بھر میں امن، رواداری اور خدمتِ انسانیت کا پیغام عام کیا۔

(جاری ہے)

اپنے بیان میں چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ پاپ فرانسس نے دنیا کو نفرت، تقسیم اور تشدد کے بجائے محبت، برداشت اور اخوت کا راستہ اپنانے کی تلقین کی۔ ان کا انداز قیادت عاجزی، سادگی اور خدمت پر مبنی تھا، جو دنیا بھر کے عوام کے دلوں میں گھر کر گیا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں بین المذاہب ہم آہنگی کے فروغ کے لیے پاپ فرانسس کی کوششوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے۔ ان کی وفات مسیحی برادری کے لیے ایک عظیم نقصان ہے۔چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے ویٹیکن، عالمی مسیحی برادری اور بالخصوص پاکستان میں مسیحی برادری سے دلی تعزیت کا اظہار کیا۔