لاہور ، 1017 گینگز کے 2286سے زائد ملزمان گرفتار ، 79کروڑ90لاکھ روپے سے زائد کا مال مسروقہ برآمد

پیر 21 اپریل 2025 20:00

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 اپریل2025ء) لاہور پولیس نے رواں سال 1017 گینگز کے 2286سے زائد ملزمان کو گرفتار کر کے 79کروڑ90لاکھ روپے سے زائد کا مال مسروقہ برآمد کر لیا۔ ترجمان کے مطابق ملزمان کے قبضے سے11کاریں، 1991موٹر سائیکلیں،81دیگر وہیکلز، 179تولے سونا،2110موبائل فونز اور23لیپ ٹاپس بھی برآمد کئے گئے ہیں۔سی سی پی او بلال صدیق کمیانہ نے کہا کہ ڈکیتی، چوری اورراہزنی سمیت دیگر جرائم کی وارداتوں میں ملوث گینگز کے خلاف بھرپور کارروائیاں جاری ہیں۔

انہوں نے کہا کہ برآمد شدہ کاریں، موٹر سائیکلیں، سونا، موبائل فونز، لیپ ٹاپس اور دیگر وہیکلز اصل مالکان کے حوالے کی جا رہی ہیں۔سی سی پی او لاہور نے ہدایات جاری کرتے ہوئے کہاکہ منظم جرائم میں ملوث خطرناک گروہوں کو پابند سلاسل کرکے قرار واقعی سزائیں دلوائی جائیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ منشیات، ناجائز اسلحہ، سٹریٹ کرائم اور سنگین جرائم میں ملوث ملزمان کے خلاف زیرو ٹالرینس پالیسی جاری رکھی جائے۔

بلال صدیق کمیانہ نے کہا کہ بلائنڈ مرڈر، ڈکیتی اور قتل سمیت مختلف سنگین وارداتوں میں مطلوب اشتہاریوں کی گرفتاری یقینی بنائی جائے۔انہوں نے راہزنی، ڈکیتی، جھپٹا اور نوسر بازی میں ملوث گینگز کے خلاف انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز میں تیزی لانے کی ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ سپروائزری افسران امن عامہ کے اقدامات کی خود نگرانی کریں۔سی سی پی او لاہور نے اس عزم کااظہار کیا کہ لاہور پولیس شہریوں کی جان و مال کی حفاظت اور قانون کی حکمرانی کے لئے مسلسل سرگرم ہے۔