ق*ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل کوئٹہ کی زیر صدارت ڈسٹرکٹ پرائس کنٹرول کمیٹی کا اجلاس

پیر 21 اپریل 2025 20:25

kکوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 21 اپریل2025ء) ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل کوئٹہ کی زیر صدارت ڈسٹرکٹ پرائس کنٹرول کمیٹی کا اجلاس،شہر میں 360 گرام روٹی کی قیمت 30 روپے مقرر ،قیمت واضع جگہ آویزاں کرنے اور خلاف ورزی پر سخت کارروائی کا فیصلہ۔تفصیلات کے مطابق ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (جنرل) محمد انور کاکڑ کی زیر صدارت ڈسٹرکٹ پرائس کنٹرول کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا۔

اجلاس میں اسسٹنٹ کمشنر کچلاک، محکمہ انڈسٹری، مارکیٹ کمیٹی، انجمن تاجران، چیمبر آف کامرس اور کنزیومر سوسائٹی کے نمائندوں نے شرکت کی۔اجلاس میں آٹے کی حالیہ قیمتوں میں کمی کے تناظر میں روٹی کی نئی قیمت مقرر کرنے کے لیے تفصیلی غور و فکر کیا گیا۔ تجزیے کے بعد 360 گرام روٹی کی قیمت 30 روپے مقرر کرنے کا حتمی فیصلہ کیا گیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (جنرل) محمد انور کاکڑ نے کہا کہ تندور مالکان آٹے کی قیمت بڑھنے پر فوری ردعمل دیتے ہیں لیکن آٹا سستا ہونے کے باوجود روٹی کی قیمت میں کمی نہیں کرتے، جو عوام کے ساتھ زیادتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ تندور ایسوسی ایشن کے نمائندوں کو بارہا نوٹسز دیے جا چکے ہیں کہ روٹی کی قیمتیں کم کی جائیں، مگر اس پر عملدرآمد نہیں ہو رہا۔انہوں نے واضح کیا کہ کوئٹہ میں سرکاری نرخنامے کی خلاف ورزی پر ضلعی انتظامیہ بلا امتیاز کارروائی کرے گی۔ عوام کو ریلیف دینے کے لیے تمام ممکن اقدامات اٹھائے جائیں گے۔اجلاس میں یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ ہر تندور پر سرکاری نرخنامہ نمایاں طور پر آویزاں کیا جائے گا اور ہر تندور پر کمپیوٹرائزڈ وزن کی سہولت موجود ہوگی تاکہ مقررہ وزن اور قیمت کی پابندی یقینی بنائی جا سکے۔

متعلقہ عنوان :