جے یو آئی سندھ کا کینالوں کی تعمیر کے خلاف 24 اپریل سے تین روزہ دھرنوں اور پنجاب بارڈر بند کرنے کا اعلان

پیر 21 اپریل 2025 20:25

جیکب آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 اپریل2025ء)جے یو آئی سندھ کا کینالوں کی تعمیر کے خلاف 24 اپریل سے تین روزہ دھرنوں اور پنجاب بارڈر بند کرنے کا اعلان۔ تفصیلات کے مطابق جمعیت علماء اسلام سندھ کے سیکریٹری جنرل راشد محمود سومرو نے اعلان کیا ہے کہ جے یو آئی سندھ 24 اپریل سے دریائے سندھ پر غیر قانونی کینالوں کی تعمیر کے خلاف تین روزہ دھرنے دے گی اور نیشنل ہائی ویز و پنجاب کے راستے بند کیے جائیں گے۔

انہوں نے یہ اعلان جامعہ مدنیہ میں جے یو آئی سندھ کی مجلس عاملہ کے اجلاس کے بعد کیا، جس کی صدارت صوبائی امیر مولانا عبدالقیوم ہالیجوی نے کی۔راشد سومرو نے کہا کہ ہم چولستان کینال سمیت تمام مجوزہ غیر قانونی کینالوں کو مسترد کرتے ہیں حکمران ان منصوبوں سے پیچھے ہٹنے کو تیار نہیں اسی لیے جے یو آئی سندھ نے پرامن احتجاج کا فیصلہ کیا ہے انہوں نے کہا کہ 24 اپریل کو نیشنل ہائی وے کندھ کوٹ پر سندھ پنجاب بارڈر بند ہوگا ، 25 اپریل کو نیشنل ہائی وے کموں شہید پر سندھ پنجاب بارڈر جبکہ 26 اپریل کو موٹر وے سکھر روہڑی انٹرچینج پر دھرنا دیکرپنجاب کے راستے بند کئے جائیں گے۔

(جاری ہے)

ایسی پریس رلیز جے یو آئی سندھ کے انفارمیشن سیکریٹری ڈاکٹر اے جی انصاری کی جانب سے جاری کی گئی۔ اجلاس میں سید سراج احمد شاہ امروٹی، مولانا عبدالمجیب قریشی، قاری محمد عثمان، مفتی سعود افضل ہالیجوی، عبدالرزاق لاکھو، مولانا محمد صالح انڑ، مولانا عبدالمالک ٹالپر، ڈاکٹر عبدالغنی انصاری، مولانا محمد اسحاق لغاری، سلیم سندھی، مولانا عبدالحمید مہر، رفیق احمد سومرو اور دیگر رہنما بھی شریک تھے۔