ایل ڈبلیو ایم سی صفائی آپریشن کے تحت شہر بھر کے 5000 سے زائد کنٹینرز صبح کی شفٹ میں کلیئر کیے جا رہے ہیں، بابر صاحب دین

پیر 21 اپریل 2025 20:40

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 اپریل2025ء) لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی (ایل ڈبلیو ایم سی ) کی جانب سے شہر بھر میں ہر گلی اور محلے میں صفائی نظام کو برقرار رکھنے کے لیے صفائی ٹیمیں فیلڈ میں متحرک ہیں۔ روزانہ کی بنیاد پر کیے جانے والے صفائی آپریشن کی مانیٹرنگ کے لیے سی ای او بابر صاحب دین نے افسران کو فیلڈ میں سرپرائز چیکنگ کی ہدایت جاری کر دی ہے۔

ایل ڈبلیو ایم سی صفائی آپریشن کے تحت شہر بھر کے 5000 سے زائد کنٹینرز صبح کی شفٹ میں کلیئر کیے جا رہے ہیں۔ تمام شاہراہوں پر مینوئل سویپنگ، مکینیکل سویپنگ کا عمل جاری ہے۔ کمرشل مارکیٹس کے ساتھ ساتھ مرحلہ وار رہائشی علاقوں کو زیرو ویسٹ کیا جا رہا ہے،جبکہ خصوصی اقدامات کے تحت بابو صابو، ٹھوکر نیاز بیگ، سگیاں پل، راوی پل سمیت دیگر داخلی خارجی راستوں پر صفائی ٹیمیں تعینات ہیں۔

(جاری ہے)

فیروز پور روڈ، جیل روڈ، مال روڈ، گلبرگ کے علاقوں میں صفائی ٹیمیں متحرک ہیں۔داتا دربار، لاری اڈا، آزادی چوک، ریلوے اسٹیشن کے گرد آپریشن ٹیمیں صفائی انتظامات یقینی بنا رہی ہیں۔چوبرجی، سیکرٹریٹ، بابا گرانڈ میں علاقوں کی کلیئرنس کا عمل بھی جاری ہے۔سی ای او ایل ڈبلیو ایم سی کا فیلڈ میں افسران کی سرپرائز چیکنگ کے حوالے سے کہنا ہے کہ وزیرِ اعلی کے وژن ستھرا پنجاب پر عملدرآمد کروانے کے لیے ہر یونین کونسل میں صفائی کے بہترین انتظامات اور مانیٹرنگ یقینی بنا رہے ہیں۔

لاہوریوں کو صاف ستھرا ماحول فراہم کرنا ہی اولین ترجیح ہے۔شہریوں کو صفائی سہولیات کی بروقت فراہمی کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔شہریوں سے گزارش ہے کہ گلیوں، محلوں، اوپن پلاٹس میں کوڑا پھینکنے سے گریز کریں۔ ذمہ دار شہری ہونے کا فرض نبھائیں، کوڑا کوڑے دان تک پہنچائیں۔غیر قانونی ڈمپنگ سے گریز کریں، صفائی سے متعلق شکایات کے ازالے کے لیے ایل ڈبلیو ایم سی کی ہیلپ لائن 1139پر رابطہ کریں یا سوشل میڈیا کا استعمال کریں۔