ملک میں سرمایہ کاری کرنے والے اوورسیز پاکستانیوں کو سول ایوارڈ دینے کا فیصلہ

سمندر پار پاکستانیوں نے دنیا بھر میں محنت کرکے اپنا اور اپنے ملک کیلئے نام کمایا ہے، سمندر پار پاکستانی بیرون ملک پاکستان کے سفیر کا کردار ادا کرتے ہیں، مادر وطن کیلئے ان کی بڑی خدمات ہیں، وزیراعظم شہباز شریف کا اجلاس سے خطاب

Faisal Alvi فیصل علوی منگل 22 اپریل 2025 11:36

ملک میں سرمایہ کاری کرنے والے اوورسیز پاکستانیوں کو سول ایوارڈ دینے ..
اسلام آباد(اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔22اپریل 2025)ملک میں سرمایہ کاری کرنے والے اوورسیز پاکستانیوں کو سول ایوارڈ دینے کا فیصلہ، سمندر پار پاکستانی بیرون ملک پاکستان کے سفیر کا کردار ادا کرتے ہیں، مادر وطن کیلئے ان کی بڑی خدمات ہیں،وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت سمندر پار پاکستانیوں کے امور پر خصوصی اجلاس ہواجس میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار ، چیف آف دی آرمی سٹاف جنرل عاصم منیر، وفاقی وزراءاور متعلقہ سرکاری افسران نے شرکت کی۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ سمندر پار مقیم پاکستانی ملک کے سفیر بن کر بڑی خدمات انجام دے رہے ہیں۔موجودہ حکومت نے سمندر پار پاکستانیوں کی خدمات کے اعتراف میں بڑا پیکج دیا ہے اور مختلف شعبوں میں نمایاں کارکردگی دکھانے والوں کو سول ایوارڈز سے نوازا جائے گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ سمندر پار پاکستانیوں نے دنیا بھر میں محنت کرکے اپنا اور اپنے ملک کیلئے نام کمایا ہے۔

طب، تعلیم، انجینئرنگ اور کنسلٹینسی میں بطور پروفیشنل دن رات محنت کی ہے اور رزق حلال کمایا ہے۔حال ہی میں منعقد ہونے والے اوورسیز پاکستانی کنونشن میں سمندر پار پاکستانیوں کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی، جو حکومتی پالیسیوں پر انکے اعتماد کا مظہر ہے۔ اوور سیز پاکستانیوں کے صادق جذبوں، وطن کیلئے محبت و ایثار اور قربانیوں کو سلام پیش کرتے ہیں۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم شہباز شریف کا مزی کہنا تھا کہ سمندر پار پاکستانیوں کے جذبوں، وطن کیلئے محبت اور قربانیوں کو سلام پیش کرتے ہیں۔ انہوں نے دنیا بھر میں محنت کرکے اپنا اور اپنے ملک کیلئے نام روشن کیا اور طب، تعلیم، انجینئرنگ اور کنسلٹینسی میں بطور پروفیشنل محنت کر کے رزق حلال کمایا ہے۔بیرون ممالک میں مختلف شعبہ جات میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے سمندر پار پاکستانیوں اور اسٹیٹ بینک کے ذریعے سب سے زیادہ سرمایہ پاکستان بھجوانے والے سمندر پار پاکستانیوں کو انکی خدمات کے پیش نظر سول ایوارڈ دیا جائے گا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ سمندر پار پاکستانیوں کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے اور انہیں مزید سہولیات دینے کیلئے کوشاں ہیں اور پاکستان میں ان کی مہارت کے مطابق سرمایہ کاری کے مواقع بھی دیئے جائیں گے۔