کیرالہ، آر ایس ایس کی طرف سے کالج میں ہتھیاروں کے تربیتی کیمپ کا انعقاد

کالج میں کیمپ کے انعقاد پر بڑے پیمانے پر آر ایس ایس پر تنقید کی جارہی ہے

منگل 22 اپریل 2025 16:49

ترواننت پورم(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 اپریل2025ء)بھارتی ریاست کیرالہ کے دارالحکومت ترواننت پورم کے ایک کالج میں ہندوتوا راشٹریہ سویم سیوک سنگھ کی طرف سے ہتھیاروں کے تربیتی کیمپ کا منعقد کیا ہے ، جس کے خلاف طلبہ تنظیموں نے بڑے پیمانے پر احتجاج شروع کر دیاہے۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق سنگھ پریوار سے وابستہ ہندوتواتنظیم آر ایس ایس نے 2مئی کو طے شدہ تربیتی پروگرام کی تیاری کے لیے مار ایوانوس کالج کے احاطے میں کیمپ کا انعقاد کیاتھا۔

کیمپ کی فوٹیج میں مردوں کو کالج گرانڈ میں ہتھیاروں کی مشق کرتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔کالج میں کیمپ کے انعقاد پر بڑے پیمانے پر آر ایس ایس پر تنقید کی جارہی ہے ۔اسٹوڈنٹس فیڈریشن آف انڈیااور کیرالہ اسٹوڈنٹس یونین نے مشترکہ طور پر اپنے غم و غصے کا اظہار کرتے ہوئے اس واقعے کو "امن اور سماجی ہم آہنگی کے لیے سنگین خطرہ" قرار دیا۔

(جاری ہے)

اسٹوڈنٹس فیڈریشن آف انڈیاکی ترواننت پورم ضلع کمیٹی نے ایک بیان میں کہاہے کہ "تعلیمی ادارے تعلیم کے حصول کے لیے ہیں، خوف پھیلانے یا تشدد پراکسانے کیلئے نہیں"۔

آر ایس ایس کو کالج کیمپس میں ہتھیاروں کی تربیت دینے اور نوجوانوں کے ذہنوں کو نفرت کے ساتھ زہر آلود کرنے کا کوئی حق نہیں ہے۔ کیرالہ اسٹوڈنٹس یونین کے ترجمان نے بھی اسی طرح کے خدشات کااظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ طلبہ تنظیموں کو کیمپس میں اپنے جھنڈے لانے کی بھی اجازت نہیں ہے۔لیکن آر ایس ایس کو کالج گرائونڈ میں ہتھیاروں کی تربیت دینے کی اجازت دی گئی ہے ،جوکہ انتہائی شرمناک ہے ۔دونوں طلبہ تنظیموں نے کالج انتظامیہ، پرنسپل اور دیگر حکام سے اس سلسلے میں اپنا کردار واضح کرنے کا مطالبہ کیا۔