سندھ ہائیکورٹ ، کراچی بلڈنگ اینڈ ٹائون پلاننگ ریگولیشنز میں ترمیم کیخلاف فریقین کو آئندہ سماعت تک جواب جمع کروانے کی ہدایت

عدالت عالیہ نے درخواستگزاروں کو ایڈوانس کاپی فراہم کرنے کی بھی ہدایت کردی جبکہ پی ٹی آئی کی درخواست کے قابل سماعت ہونے سے متعلق دلائل طلب کرلیئے

منگل 22 اپریل 2025 18:01

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 اپریل2025ء)سندھ ہائیکورٹ نے کراچی بلڈنگ اینڈ ٹائون پلاننگ ریگولیشنز میں ترمیم کیخلاف فریقین کو آئندہ سماعت تک جواب جمع کروانے اور درخواستگزاروں کو ایڈوانس کاپی فراہم کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے سماعت7مئی تک ملتوی کردی ہے۔منگل کو سندھ ہائیکورٹ میں کراچی بلڈنگ اینڈ ٹائون پلاننگ ریگولیشنز میں ترمیم کیخلاف درخواستوں کی سماعت ہوئی۔

قائم مقام چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ سیاسی جماعت کے طور پر آپ کیسے متاثر ہیں بتائیں کس طرح سیاسی جماعت ترمیم کو چیلنج کرسکتی ہی جماعت اسلامی کے وکیل نے موقف دیا کہ ترمیم کے بعد این او سیز کا اجرا شروع کردیا گیا ہے۔ رہائشی پلاٹ کو این او سی کے بعد کمرشل استعمال کیا جاسکتا ہے۔

(جاری ہے)

ایس بی سی اے کے وکیل نے موقف دیا کہ عدالت کا وقت بچانے کے لئے ثالثی کا پلیٹ فارم استعمال کیا جاسکتا ہے۔

ترمیم میں جو غلطیاں ہیں ان کی نشاندہی کرکے ٹھیک کیا جاسکتا ہے۔ عدالت نے ریمارکس دیئے کہ یہ ثالثی کا آپشن ترمیم سے پہلے استعمال کیوں نہیں کیا گیا وکیل پائلپ نے موقف اپنایا گیا کہ اگر ترمیم واپس لیکر ثالثی کرنا چاہیں تو اعتراض نہیں۔ کے ایم سی، کے ڈی اے اور ایس بی سی اے کے وکلا نے جواب کے لئے مہلت کی استدعا کی۔ عدالت نے فریقین کو آئندہ سماعت تک جواب جمع کروانے اور درخواست گزاروں کو ایڈوانس کاپی فراہم کرنے کی ہدایت کردی۔

عدالت نے تحریک انصاف کی درخواست کے قابل سماعت ہونے سے متعلق دلائل طلب کرلیئے۔ عدالت نے نئی دائر درخواستوں میں فریقین کو نوٹس جاری کردیئے۔ عدالت نے درخواستوں کی سماعت 7 مئی تک ملتوی کردی۔ کے بی ٹی آر میں ترمیم کیخلاف تحریک انصاف، پائلپ اور نجی ہائوسنگ سوسائٹیز نے نئی درخواستیں دائر کی ہیں۔