جی سی ویمن یونیورسٹی سیالکوٹ میں انوائرنمنٹ پروٹیکشن سوسائٹی کے زیر اہتمام آگاہی واک و شجرکاری مہم کا انعقاد

منگل 22 اپریل 2025 18:36

سیالکوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 اپریل2025ء) گورنمنٹ کالج ویمن یونیورسٹی سیالکوٹ میں یومِ ارض کے موقع پر وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر شازیہ بشیر کی ہدایات پر انوائرنمنٹ پروٹیکشن سوسائٹی کے زیر اہتمام آگاہی واک اور شجرکاری مہم کا انعقاد کیا گیا۔واک کی قیادت انچارج سوسائٹی ڈاکٹر شہلا عندلیب نے کی۔ اس موقع پر اساتذہ، طالبات اور انتظامیہ نے بڑی تعداد میں شرکت کی اور ماحولیاتی تحفظ کے عزم کا اظہار کیا۔

اس واک کا مقصد طالبات اور عام عوام میں ماحولیاتی مسائل جیسے آلودگی، پلاسٹک کا بڑھتا ہوا استعمال اور درختوں کی کمی کے حوالے سے شعور اجاگر کرنا تھا۔ اس موقع پر ایڈمن بلاک میں پودے لگائے گئے تاکہ سرسبز ماحول کو فروغ دیا جا سکے۔ وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر شازیہ بشیر نے ماحولیاتی شعور کی بیداری کو وقت کی اہم ترین ضرورت قرار دیا اور کہا کہ نوجوان نسل کو قدرتی وسائل کے تحفظ اور پائیدار ترقی کے اصولوں پر عمل پیرا ہونے کی اشد ضرورت ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے طالبات کو تلقین کی کہ وہ اپنی روزمرہ زندگی میں ماحولیاتی ذمے داری کو اپنائیں۔یہ سرگرمی نہ صرف یونیورسٹی کے گرین کیمپس ویژن کی عکاسی کرتی ہے بلکہ طالبات کو ایک بہتر، محفوظ اور سرسبز مستقبل کے لیے عملی اقدامات کا موقع بھی فراہم کرتی ہے۔واک اور شجر کاری میں پرووائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر زرین فاطمہ ، ڈین فیکلٹی آف بزنس اینڈ ایڈمنسٹریٹو سائنسز پروفیسر ڈاکٹر الیاس،ڈین سوشل سائنسز پروفیسر ڈاکٹر یاسر نواز منج ، ڈین فیکلٹی آف نیچرل سائنسز پروفیسر ڈاکٹر طارق محمود ،رجسٹرار اعجاز احمد، کنٹرولر امتخانات ملک گلشان اسلم، صدر شعبہ ڈاکٹر عدیل سمیت تمام تعلیمی اور انتظامی شعبوں کے سربراہان اور طالبات نے کثیر تعداد میں شرکت کی ۔

متعلقہ عنوان :