ابرار احمد کا آؤٹ کرنے کے بعد سر ہلا کر جشن منانے والا سٹائل چھوڑنے کا اعلان

چیمپئنز ٹرافی میں بھارت کے شبمن گل کو آؤٹ کرنے بعد مسٹری سپنر نے جب سر ہلا کر باہر جانے کا اشارہ کیا تو اس پر خاصا شور ہوا لیکن اب وہ یہ سٹائل چھوڑ رہے ہیں

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب بدھ 23 اپریل 2025 11:41

ابرار احمد کا آؤٹ کرنے کے بعد سر ہلا کر جشن منانے والا سٹائل چھوڑنے ..
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 23 اپریل 2025ء ) پی ایس ایل 10 میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کا حصہ پاکستان کے مسٹری بولر ابرار احمد کا وکٹ لینے کے بعد سر ہلانے والا اسٹائل خاصا مشہور ہوا، کچھ لوگوں نے اس سٹائل پر تنقید بھی کی۔ 
چیمپئنز ٹرافی میں بھارت کے شبمن گل کو آؤٹ کرنے بعد ابرار احمد نے جب سر ہلا کر باہر جانے کا اشارہ کیا تو اس پر خاصا شور ہوا لیکن اب وہ یہ اسٹائل چھوڑ رہے ہیں۔

 
لاہور میں نجی ٹی وی جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہو ئے مسٹری بولر نے کہا کہ میں نے پی ایس ایل کے پچھلے ایڈیشن میں سیلیبریشن اسٹائل شروع کیا ، ساؤتھ افریقا میں بھی سر ہلاتا تھا ، لیکن کوئی مسئلہ نہیں ہوا۔ 
انہوں نے کہا کہ چیمپئنز ٹرافی میں بھارت کے خلاف میچ میں کچھ زیادہ مسئلہ ہو گیا، میرا ارادہ تھا کہ میں اپنے اسٹائل کو جاری رکھوں گا لیکن شاید کچھ لوگوں کو اچھا نہیں لگ رہا تھا، میں کسی کی دل آزاری نہیں کرنا چاہتا ، اس لیے میں نے کہا کہ یہ اسٹائل چھوڑ دیتا ہوں۔

(جاری ہے)

 
ابرار احمد نے کہا کہ مجھے نئے بال کے ساتھ ڈیتھ اور مڈل اوورز میں بھی بولنگ کرنا ہوتی ہے ، اس لیے میں نے مہارت کو بہتر بنانے کے لیے کام کیا جس کا فائدہ ہو رہا ہے، کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیم بہت اچھی ہے ، ایک جیت سے مومنٹم بن جائے گا، ویوین رچرڈز لیجنڈ ہیں ان کے الفاظ ہمارے لیے بڑی اہمیت رکھتے ہیں ، وہ ہمیں متحرک رکھتے ہیں۔