ترکیہ میں 6.2 شدت کا زلزلہ، کئی یورپی ممالک میں بھی جھٹکے محسوس کیے گئے

عوام میں خوف و ہراس پھیل گیا اور کئی افراد گھبرا کر اپنے گھروں اور دفاتر سے باہر نکل آئے

Sajid Ali ساجد علی بدھ 23 اپریل 2025 16:00

ترکیہ میں 6.2 شدت کا زلزلہ، کئی یورپی ممالک میں بھی جھٹکے محسوس کیے گئے
استنبول ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 23 اپریل 2025ء ) ترکیہ 6.2 شدت کے زلزلے سے لرز اٹھا، کئی یورپی ممالک میں بھی جھٹکے محسوس کیے گئے۔ عالمی میڈیا کے مطابق ترکیہ کے شمال مغربی علاقے میں شدید زلزلہ آیا، مقامی وقت کے مطابق دوپہر 12 بج کر 49 منٹ پر آنے والے اس زلزلے کی شدت 6.2 ریکارڈ کی گئی، جس کی وجہ سے عوام میں خوف و ہراس پھیل گیا اور کئی افراد گھبرا کر گھروں اور دفاتر سے باہر نکل آئے جب کہ اس زلزلے کے جھٹکے بعض یورپی ممالک میں بھی محسوس کیے گئے۔

امریکی جیولوجیکل سروے کا کہنا ہے کہ زلزلہ مرمرہ کے اندرونی سمندر میں استنبول کے نواحی علاقے سیلیوری کے قریب آیا، زلزلے کی شدت 6.2 ریکارڈ کی گئی جب کہ اس کا مرکز ترکیہ کے شہر مرمرا ایگریلیسی کے جنوب مشرق میں 21 کلومیٹر اور گہرائی 10 کلو میٹر تھی، زلزلے کے بعد 2 شدید آفٹر شاکس بھی ریکارڈ کیے گئے، جن میں سے پہلے آفٹر شاک کی شدت 4.5 ریکارڈ کی گئی جس کا مرکز استنبول سے 39 کلومیٹر تھا، دوسرے کی شدت 5 ریکارڈ کی گئی جس کا مرکز 63 کلومیٹر اور دونوں آفٹر شاکس کی گہرائی 10 کلو میٹر تھی۔

(جاری ہے)

بتایا گیا ہے کہ زلزلے کے جھٹکے استنبول سمیت قریبی صوبوں میں بھی شدت سے محسوس کیے گئے، جس سے عوام میں شدید خوف و ہراس کی کیفیت دیکھی گئی، تاہم کسی جانی اور مالی نقصان کی اطلاع نہیں ملی، اس کے علاوہ یوکرین، یونان، رومانیہ اور بلغاریہ سمیت کئی یورپی ممالک میں بھی زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے، ترک وزیر داخلہ علی یرلیکایا نے بتایا کہ زلزلے سے ممکنہ نقصانات کا جائزہ لینے کے لیے تمام متعلقہ سرکاری اداروں نے فیلڈ سروے شروع کر دیا گیا ہے، انہوں نے زلزلے سے متاثرہ شہریوں کی خیریت اور جلد صحت یابی کی دعا بھی کی، تاہم حکام کی جانب سے اب تک کسی جانی یا مالی نقصان کی تصدیق نہیں کی گئی۔