عمر میں تبدیلی کرکے اولڈ ایج پینشن کی مد میں 2 ارب 79 کروڑ روپے کی غلط ادائیگیوں کا انکشاف

پنشن شناختی کارڈ پر درج تاریخ پیدائش سے مختلف افراد کو ادا کی گئی، مقررہ عمر سے کم عمر مردوں اور کم عمر خواتین کو پنشن جاری کی گئی؛ پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کے اجلاس میں آڈٹ حکام کا مؤقف

Sajid Ali ساجد علی بدھ 23 اپریل 2025 16:29

عمر میں تبدیلی کرکے اولڈ ایج پینشن کی مد میں 2 ارب 79 کروڑ روپے کی غلط ..
اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 23 اپریل 2025ء ) ملک میں اولڈ ایج بینیفٹ پینشن کی مد میں 5 ہزار سے زائد افراد کو 2 ارب 79 کروڑ روپے کی غلط ادائیگیوں کا انکشاف سامنے آگیا۔ تفصیلات کے مطابق چیئرمین جنید اکبر کی زیر صدارت پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کا اجلاس ہوا، جس میں وزارت اوورسیز پاکستانی کے آڈٹ پیراز کا جائزہ لیا گیا، اس موقع پر آڈٹ حکام نے بتایا کہ ای او بی آئی نے 2 ارب 79 کروڑ روپے کی فیک پنشنرز کو ادائیگی کی، ملازمین کی عمر میں تبدیلی کرکے 5 ہزار افراد کو پینشن دی گئی۔

اس کے جواب میں ای او بی آئی حکام نے کہا کہ ’ای او بی آئی کے فنڈ کی مالیت 600 ارب روپے ہے، ملک میں ایک کروڑ کاروبار ہیں، 10 ملازمین والے ادارے کو پنشن فنڈ میں شامل کیا جاتا ہے، ہمارا محکمہ 1976ء کا قائم ہے اور نادرا سے پہلے کا ہے، شناختی کارڈ کی تاریخ پیدائش کے علاوہ ہم دیگر ذرائع سے بھی عمر چیک کرتے ہیں‘، جس پر جنید اکبر نے پوچھا کہ ’یہ بتائیں کیا میٹرک کی سند اور شناختی کارڈ پر عمر الگ الگ ہو سکتی ہے؟‘۔

(جاری ہے)

سیکرٹری اوورسیز نے کہا کہ ’آڈٹ حکام نے 8 لاکھ پنشنرز میں سے 5 ہزار پنشنرز کے کوائف کو غلط کہا ہے، آڈٹ حکام نے پنشن کے ڈیٹا پر ڈیٹ آف برتھ کا چیک لگا کر یہ ڈیٹا حاصل کیا، یہ پنشنرز 1950ء اور 1960ء کی تاریخ پیدائش والے ہیں، یہ پنشنرز شناختی کارڈ اور نادرا سے پہلے دور کے ہیں، اب شناختی کارڈ پر ہی پنشن کیس کو سیٹل کیا جائے گا، ای او بی آئی کی پنشن یکم مئی سے بڑھائی جائے گی‘۔

آڈٹ حکام نے بتایا کہ ’پنشن شناختی کارڈ پر درج تاریخ پیدائش سے مختلف افراد کو ادا کی گئی، 60 سال سے کم عمر مردوں اور 55 سال سے کم عمر خواتین کو پنشن جاری کی گئی‘، اس کے جواب میں سیکریٹری وزارت سمندر پار پاکستانی نے کہا کہ ’ایسا نہیں ہے جو نظر آرہا ہے، چیئرمین ای او بی آئی نے کہا کہ پنشن میٹرک کی سند پر دی گئی، ہم میٹرک کی سند دیکھ پنشن دیتے ہیں‘، جس پر جنید اکبر خان نے کہا کہ ’معیار ایک رکھیں کہ پنشن شناختی کارڈ پر جاری کریں گے، یا میٹرک کی سند پر جاری ہوگی‘، اس کے جواب میں چیئرمین ای او بی آئی نے کہا کہ ’اب ہم آئندہ سے نادرا کے ڈیٹا کو استعمال کرتے ہوئے شناختی کارڈ پر پنشن جاری کریں گے‘۔

متعلقہ عنوان :