صوبائی سیکرٹری محکمہ پبلک ہیلتھ انجینئرنگ سے یونیسیف واش سپیشلسٹ کی ملاقات ،بلوچستان میں یونیسیف سرگرمیوں کے بارے میں بریفنگ

بدھ 23 اپریل 2025 19:04

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 اپریل2025ء) صوبائی سیکرٹری محکمہ پبلک ہیلتھ انجینئرنگ عمران گچکی سے یونیسیف واش سپیشلسٹ ڈاکٹر مسعود خان نے ملاقات کی جس کے دوران یونیسیف کے نمائندے نے بلوچستان میں اپنی سرگرمیوں کے بارے میں ایک جامع بریفنگ دی۔ بریفنگ میں یونیسیف کے کام کے اہم شعبوں میں شامل ہنگامی ردعمل قدرتی آفات جیسے سیلاب اور ہیضے جیسی بیماریوں کے پھیلنے کے ردعمل میں فوری مدد فراہم کرنا شامل ہے ۔

انہوں نے کہا کہ یونیسیف نے بلوچستان میں ہنگامی امداد فراہم کی ہے بشمول ضروری واش سپلائیز کی تقسیم اور متاثرہ اضلاع میں امدادی سرگرمیاں بھی شروع کی گئی ہیں اس کے ساتھ ساتھ کیپیسٹی بلڈنگ واش پروگراموں کے نفاذ کو بڑھانے کے لیے حکومت کی زیر نگرانی تکنیکی ورکنگ گروپس کو مضبوط کرنا ہے جبکہ سروس ڈیلیوری اسکولوں اور کمیونٹیز میں پینے کے صاف پانی کی فراہمی، صفائی کی بہتر سہولیات اور حفظان صحت کے فروغ میں سہولت فراہم کرنا بھی شامل ہے سیکرٹری پی ایچ ای نے مختلف شعبوں میں تعاون کے امکانات پر زور دیا جن میں تکنیکی مدد واش انفراسٹرکچر اور خدمات کو بڑھانے میں معاونت ضروری ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ کیپسٹی بلڈنگ اور واش سروس ڈیلیوری کو بہتر بنانے کے لیے پی ایچ ای ڈی کے عملے کے لیے تربیت اور صلاحیت سازی کے اقدامات کا اہتمام ہونا چاہیے جبکہ ہنگامی تیاری آفات کے دوران بروقت امداد کو یقینی بنانے کے لیے ہنگامی تیاری اور ردعمل کی منصوبہ بندی میں شراکت داری بھی ضروری عنصر ہے ، ملاقات میں اسکول واش پروگرام، سکولوں میں پینے کے صاف پانی کی فراہمی اور صفائی کی سہولیات تک رسائی کو بڑھانے کمیونٹی بیسڈ واش کے اقدامات، کمیونٹی کی قیادت میں صفائی اور حفظان صحت کے طریقوں کے فروغ دیہی اور شہری دونوں علاقوں کے لیے پانی کی فراہمی کے پائیدار نظام کی تیاری پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔