وفاقی وزیر پروفیسر احسن اقبال کی زیر صدارت سول سروسز اصلاحات کمیٹی کا اجلاس

بدھ 23 اپریل 2025 21:20

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 اپریل2025ء) وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی ترقی واصلاحات وخصوصی اقدامات پروفیسر احسن اقبال کی زیر صدارت سول سروسز اصلاحات کمیٹی کا اجلاس بدھ کو منعقد ہوا ۔اجلاس میں سیکرٹری منصوبہ بندی اویس منظور سمرا اور تمام وزارتوں کے سیکرٹریوں نے شرکت کی ۔اجلاس کو بتایا گیا کہ ورکنگ گروپ نے سفارشات پیش کر دیں، چار گروپوں کی سفارشات آج پیش کی جائیں گی۔

اس موقع پر احسن اقبال نے کہا کہ دنیا بدل گئی، ماحول بدل گیا، 1973ء کا قانون اب جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کی ضرورت ہے، چینی اور ترک اپنی زبانوں پر فخر کرتے ہیں، ہمیں بھی قومی زبان کو اپنانا ہوگا، اگر انگریزی کامیابی کی ضمانت ہوتی تو پاکستان آج دنیا کی تیسری بڑی طاقت ہوتا،ہر بچہ انگریزی بول سکتا ہے مگر برابری کا معیار زبان نہیں ہونا چاہیے۔

(جاری ہے)

احسن اقبال نے کہا کہ انگریزی پڑھ کر ترقی ممکن نہیں، قومی زبان اپنا کر ترقی کی جاسکتی ہے، ستر سال انگریزی کے ساتھ گزار دیئے، اب اردو کو قومی زبان بنا کر اپنا کر دیکھ لیتے ہیں ، بہت سارے قابل افراد انگریزی زبان میں حد درجے مہارت نہ رکھنے کی وجہ سے سول سروسز کا حصہ نہیں بن پاتے ،سول سروسز کو ایلیٹ کلاس کا ادارہ بنایا گیا ہے، عام شہری کے لیے دروازے بند ہیں،معاشرے میں سول سروسز کے حوالے سے تشویش بڑھ رہی ہے۔ احسن اقبال نے کہا کہ سی ایس ایس امتحان میں ہر فیلڈ کے ماہرین کو ان کی سپیشلائزیشن کے مطابق کلسٹرز میں منتخب کیا جائے،مہارت کے مطابق صحیح افراد کو درست جگہ پر تعینات کرنا بنیادی انتظامی اصول ہے۔

متعلقہ عنوان :