ں*ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سیدال خان سے قبائلی عمائدین و دیگر معززین کی کوئٹہ میں ملاقات

‘ بلوچستان کی ترقی، امن و امان کی صورتحال، معدنی وسائل کے مثر استعمال اور بنیادی سہولیات کی فراہمی سے متعلق تفصیلی تبادلہ خیال

بدھ 23 اپریل 2025 22:55

ف*کوئٹہ /اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 23 اپریل2025ء)ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سیدال خان سے قبائلی عمائدین، ممتاز شخصیات اور مقامی نمائندگان نے کوئٹہ میں ملاقات کی، جس میں صوبہ بلوچستان کی ترقی، امن و امان کی صورتحال، معدنی وسائل کے مثر استعمال اور بنیادی سہولیات کی فراہمی سے متعلق تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ڈپٹی چیئرمین سینیٹ نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان ملک کی ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے اور اس کی ترقی درحقیقت پاکستان کے روشن مستقبل کی ضمانت ہے۔

انہوں نے کہا کہ بلوچستان کو پسماندگی سے نکالنے، نوجوانوں کو روزگار کی فراہمی، تعلیم، صحت، مواصلات اور دیگر بنیادی سہولیات کی بہتری کے لیے جامع حکمت عملی اپنائی جا رہی ہے۔

(جاری ہے)

سیدال خان نے مزید کہا کہ قدرتی وسائل سے مالا مال اس خطے میں معدنیات، توانائی، سیاحت، زراعت اور ماہی گیری جیسے شعبوں میں بے پناہ مواقع موجود ہیں، جن سے فائدہ اٹھا کر نہ صرف مقامی معیشت کو مضبوط بنایا جا سکتا ہے بلکہ ملکی سطح پر بھی اقتصادی بہتری لائی جا سکتی ہے۔

ڈپٹی چیئرمین نے قبائلی عمائدین کے مثبت کردار اور سماجی استحکام کے لیے ان کی کوششوں کو سراہا اور کہا کہ حکومت قبائلی روایات اور مقامی ثقافت کا احترام کرتے ہوئے، ان کی مشاورت اور شمولیت کو ہر سطح پر یقینی بنا رہی ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ بلوچستان کے عوام کو ترقی کے عمل میں شامل کیے بغیر پائیدار ترقی ممکن نہیں۔اس ملاقات میں قبائلی عمائدین نے بھی علاقے کے مسائل، عوامی توقعات اور اپنی تجاویز پیش کیں، جنہیں ڈپٹی چیئرمین نے سنجیدگی سے سنا اور یقین دہانی کرائی کہ انہیں متعلقہ اداروں تک پہنچایا جائے گا۔سیدال خان نے کہا کہ بلوچستان کا روشن مستقبل صرف اور صرف یکجہتی، باہمی مشاورت اور قومی جذبے سے ہی ممکن ہے۔