سمارٹ فونز فار آل پالیسی آخری مراحل میں ہے، کوشش ہے گھر گھر انٹرنیٹ کی سہولت فراہم کریں،وفاقی وزیر شزہ فاطمہ خواجہ

جمعرات 24 اپریل 2025 13:00

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 اپریل2025ء) وفاقی وزیر آئی ٹی و ٹیلی کمیونیکیشن شزہ فاطمہ خواجہ نے کہا ہے کہ یونیورسل سروسز فنڈ کے تحت 161 منصوبے، 4،400 موبائل ٹاورز، 17 ہزار 200کلومیٹرآپٹیکل فائبر کے ذریعے37 ملین افراد کو ڈیجیٹل سروسز فراہم کی گئیں،سمارٹ فونز فار آل پالیسی آخری مراحل میں ہے، وزارت آئی ٹی خواتین کو ہرسطح پر سپورٹ کرتی ہے،برابری کا ماحول پیدا کرنے کیلئے کوشاں ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کویو ایس ایف کے زیر اہتمام آئی سی ٹی خواتین کے عالمی دن پر ’’گرلز ان آئی سی ٹی فار انکلوسیو ڈیجیٹل ٹرانسفارمیشن‘‘ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ آئی ٹی انڈسٹری کے فروغ اور خواتین کو بااختیار بنانے میں یو ایس ایف کا کلیدی کرداراداہے، 161 منصوبے، 4،400 موبائل ٹاورز، 17 ہزار 200کلومیٹرآپٹیکل فائبر کے ذریعے37 ملین افراد کو ڈیجیٹل سروسز فراہم کی گئیں،اس سال وزیر اعظم نے یو ایس ایف کو 23 ارب روپے کا بجٹ دیا ہے۔

(جاری ہے)

وفاقی وزیر نے کہا کہ یو ایس ایف خواتین، سٹارٹ اپس، فری لانسرز،سوشل میڈیا انفلوئنسرز کو ڈیجیٹل دنیا سے منسلک کرنے میں معاونت کررہا ہے،خواتین کی زیر قیادت ٹیک وینچرز نے عالمی پلیٹ فارمز پر بھی دھوم مچانا شروع کر دی ہے، وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے مختلف ادوار میں 12 لاکھ سے زائد لیپ ٹاپ نوجوانوں کو دیئے ہیں۔شزہ فاطمہ خواجہ نے کہا کہ سمارٹ فونز فار آل پالیسی آخری مراحل میں، کوشش ہے گھر گھر انٹرنیٹ کی سہولت فراہم کریں، نٹرنیٹ اور سمارٹ فونز خواتین کو تعلیم اور ڈیجیٹل سکلز کے حصول میں مدد دے گی،ڈی جی سکلز پروگرام کے تحت 45 لاکھ افراد کو آن لائن فری لانسنگ ٹریننگ دی جاچکی ہے۔

انہوں نے کہا کہ وزارت آئی ٹی خواتین کو ہرسطح پر سپورٹ کرتی ہے،برابری کا ماحول پیدا کرنے کیلئے کوشاں ہیں، خواتین کے ساتھ ہمارے معاشرے اور مردوں کا رویہ لمحہ فکریہ ہے ،اگر خواتین معاشرے کی رکاوٹوں اور باہر درپیش مسائل کا ذکر کریں تو انہیں گھر بٹھا دیا جاتا ہے۔ اس موقع پر چیف ایگزیکٹیوآفیسر یو ایس ایف چوہدری مدثرنوید نے کہا کہ وفاقی وزیر آئی ٹی اور بورڈ آف ڈائریکٹرز کی ہدایت کے مطابق نئے منصوبوں کیلئے فیلڈ اور ٹیکنیکل ورک کی تکمیل کی گئی،یو ایس ایف نے چاروں صوبوں کے 20 اضلاع کیلئے 16 نئے منصوبوں کے ٹینڈرز جاری کردیئے ہیں۔

تقریب میں وزارت آئی ٹی اینڈ ٹیلی کام ، یو ایس ایف کے سینئر حکام، پارلیمانی سیکرٹری سبین غوری اور رکن قومی اسمبلی شرمیلا فاروقی نے شرکت جبکہ تقریب میں ماہرین تعلیم، ممتاز خواتین انٹرپرینیورز، جاز، آئی ٹی اور ٹیلی کام انڈسٹری کے نمائندے بھی شریک ہوئے۔