ٹورازم پولیس سیاحتی مقامات پر احسن طریقے سے ڈیوٹی سرانجام دے رہی ہے ،حبیب اللہ عارف

ٹورازم پولیس کے نو جوانوں نے عیدالفطر، رمضان اور موسم گرما و موسم سرما میں ہزاروں کی تعداد میں سیاحوں کی ہر ممکن مدد اور سہولت فراہم کی، ڈی جی ٹورازم اتھارٹی کی گفتگو

جمعرات 24 اپریل 2025 18:50

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 اپریل2025ء)خیبرپختونخوا کے سیاحتی مقامات پر موجود ٹورازم پولیس احسن طریقے سے نہ صرف اپنی ڈیوٹی سرانجام دے رہی ہے بلکہ یہاں کا رخ کرنیو الے سیاحوں کی مدد میں ہرممکن کوشش بھی جاری رکھے ہوئے ہے ۔ نوجوانوں نے رمضان ، عیدالفطر سمیت پورا سال بہترین ڈیوٹی سرانجام دی ۔ ان خیالات کا اظہار نئے تعینات ہونے والے ڈائریکٹر جنرل خیبرپختونخواکلچر اینڈ ٹورازم اتھارٹی حبیب اللہ عارف نے ٹورازم اتھارٹی کے کانفرنس روم میں ٹورازم پولیس کانسٹیبلان میں سرٹیفکیٹ تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

اس موقع پر سابقہ ڈی جی تاشفین حیدر، ڈائریکٹر ایڈمن اینڈ فنانس عمر ارشد خان، ڈی ایس پی ٹورازم پولیس عصمت آراء، اسسٹنٹ ڈائریکٹرپولیس نعمان اللہ، اسسٹنٹ ڈائریکٹر ذیشان احمد، اسسٹنٹ سب انسپکٹر ٹورازم پولیس محمد شہزاداور دیگر موجود تھے۔

(جاری ہے)

نئے تعینات ہونے والے ڈائریکٹر جنرل خیبرپختونخوا کلچراینڈٹورازم اتھارٹی حبیب اللہ عارف کا کہنا تھا کہ نتھیاگلی سمیت دیگر سیاحتی مقامات پر خود ٹورازم پولیس کے نوجوانوں کو ڈیوٹی سرانجام کرتے دیکھا۔

ان کی خدمات سے خیبرپختونخوا کا مثبت چہرہ دنیا کوجا رہا ہے ۔ ٹورازم پولیس کے نوجوانوں کو چاہیے کہ اسی طرح سیاحوں کی مدد اور ان کی خدمت سرانجام دیتے رہے تاکہ ایک بہترین فورس کے طور پر دنیا میں ان کی پہچان ہو۔ ٹورازم پولیس کی بہترین خدمات کے پیش نظر ملکی و غیر ملکی سیاح بھی ان کی تعریف کرتے نظر آتے ہیں۔ ڈائریکٹر جنرل محکمہ کھیل خیبرپختونخوا تاشفین حیدر کا کہنا تھا کہ کانسٹیبلان نے ہر موقع پر ڈیوٹی احسن طریقے سے سرانجام دی ۔

آج کی تقریب اسی وجہ سے منعقد کی گئی تاکہ ان کی خدمات کو سراہا جا سکے۔ ٹورازم پولیس خیبرپختونخو اکے سیاحتی مقامات پر مہمان نوازی کی نئی مثال قائم کررہی ہے ۔ نئے تعینات ہونے والے ڈی جی کلچر اینڈ ٹورازم اتھارٹی حبیب اللہ عارف نے خیبرپختونخوا کلچرا ینڈ ٹورازم اتھارٹی میں باقاعدہ طور پر اپنے عہدہ کا چارج سنبھال لیا۔ ڈی جی ٹورازم اتھارٹی حبیب اللہ عارف اس سے قبل منیجنگ ڈائریکٹر اسمال انڈسٹریز ڈیویلپمنٹ بورڈ خیبرپختونخوا ، ڈپٹی کمشنر مردان اور دیگر محکموں میں اپنی خدمات سرانجام دے چکے ہیں۔