راول سرکل کے تمام تھانوں کی حدود سے منشیات کے ناسور کا خاتمہ اولین ترجیح ہے،ایس پی

جمعرات 24 اپریل 2025 19:40

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 اپریل2025ء) ایس پی راولپنڈی(راول سرکل) محمد حسیب راجہ نے کہا ہے کہ راول سرکل کے تمام تھانوں کی حدود سے منشیات کے ناسور کا خاتمہ اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے کہا کہ روزانہ کی بنیاد پر کریک ڈائون جاری رکھا جائے،ڈکیتی، رابری اور چوری کے مقدمات میں ملوث سابقہ ریکارڈیافتگان کو شامل تفتیش کیا جائے،کار و موٹرسائیکل چوری کی روک تھام کے لیے گشت کے نظام کو مزید موثر بنایا جائے، تھانوں کے مینوئل اور کمپیوٹرائزڈ ریکارڈ کو مکمل رکھا جائے، تھانہ میں آنے والے شہریوں کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کیے جائیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو اپنے دفتر میں ایک اجلاس کی سربراہی کرتے ہوئے کیا۔اجلاس میں راول ڈویژن کے نارکوٹکس یونٹ کے تفتیشی افسران، محرران اوربر پیروی افسران نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

ایس پی راول نے افسران کی کارکردگی اور زیر تفتیش مقدمات کی پراگریس کا جائزہ لیا اور افسران کو ہدایات دیں۔ ایس پی راول محمد حسیب راجہ نے افسران کو ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ زیر تفتیش مقدمات میں ملوث ملزمان کو جلد گرفتارکرکے چالان بروقت مرتب کیے جائیں۔ اشتہاری مجرمان کے خلاف کارروائیوں میں تیزی لائی جائے،شہریوں کی جان ومال کی حفاظت اوران کو سہولیات کی فراہمی اولین ذمہ داری ہے جس کے لیے تمام وسائل بروئے کارلائے جا رہے ہیں۔