تھانہ کینٹ ،چکلالہ میں ملزمان کی پولیس پر فائرنگ

فائرنگ کے دوران 4 موٹر سائیکل چور زخمی حالت میں گرفتار،ساتھی فرار،2 مسروقہ موٹر سائیکل اور اسلحہ برآمد

جمعرات 24 اپریل 2025 19:55

راولپنڈی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 اپریل2025ء)تھانہ کینٹ اور چکلالہ کے علاقوں میں موٹر سائیکل سوار ملزمان نے پولیس پارٹی پر فائرنگ کردی،فائرنگ کے دوران 4 موٹر سائیکل چور زخمی حالت میں گرفتارجبکہ ساتھی فرارہونے میں کامیاب ہوگیا۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق کینٹ پولیس نے سنیپ چیکنگ کے دوران 2 موٹر سائیکلوں پر سوار چار ملزمان کو روکنے کی کوشش کی تو ملزمان نے فائرنگ کر دی،فائرنگ کے دوران 2 بائیک لفٹر خالد اور عبدالوحید کو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا گیا،چکلالہ پولیس نے گشت کے دوران دو مشکوک موٹر سائیکلوں پر سوار ملزمان کو روکا تو ملزمان نے فائرنگ کی،فائرنگ کے دوران 2 بائیک لفٹر شہباز خان اور جلال خان کو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا،گرفتار ملزمان سے 2 مسروقہ موٹر سائیکل اور اسلحہ برآمد۔

ملزمان متعدد وارداتوں میں ریکارڈ یافتہ و مطلوب ہیں،فائرنگ کے باوجود بہادری سے مقابلہ کرتے ہوئے ملزمان کی گرفتاری پر سی پی او سید خالد ہمدانی نے ایس پی پوٹھوہار، ایس ڈی پی او کینٹ و سول لائنز اور چکلالہ و کینٹ پولیس ٹیموں کو شاباش دیتے ہوئے کہا کہ شہریوں کی جان و مال اور پولیس پر حملہ کرنے والے قانون کی گرفت سے نہیں بچ سکتے۔