Live Updates

]عوامی لائرز فورم گوجرانوالہ کی تنظیم سازی مکمل

mعبدالجبار کاشمیری چیئرمین، عابد رفیق ایڈووکیٹ صدر مقرر غ*مضبوط وکلا ہی ایک مضبوط عدالتی نظام کی ضمانت ہیں: نعیم الدین چوہدری ایڈووکیٹ ش*وکلاء کو ایک منظم پلیٹ فارم پر متحد دیکھنا چاہتے ہیں:صدر عوامی لائرز فورم

جمعرات 24 اپریل 2025 20:25

س*لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 24 اپریل2025ء) عوامی لائرز فورم گوجرانوالہ کی تنظیم سازی کی پروقار تقریب میں وکلاء کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ تقریب میں ممتاز وکلا،سینئر قانون اور نوجوان وکلا کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔تقریب کی صدارت مرکزی صدر عوامی لائرز فورم و امیدوار ممبر پنجاب بار کونسل لاہور نعیم الدین چوہدری ایڈووکیٹ نے کی۔

صدر عوامی لائرز فورم سنٹرل پنجاب آصف سلہریا ایڈووکیٹ تقریب کے مہمان خصوصی تھے۔ تقریب میں عبدالجبار کاشمیری ایڈووکیٹ کو عوامی لائرز فورم گوجرانوالہ کا چیئرمین مقرر کیا گیا۔ میاں عابد رفیق ایڈووکیٹ صدر، سید خبیب حسن بخاری ایڈووکیٹ سیکرٹری، حافظہ خدیجہ الکبری ایڈووکیٹ نائب صدر، طلحہ طاہر ایڈووکیٹ سینئر نائب صدر، فرحان احمد کھوکھر ایڈووکیٹ فنانس سیکرٹری، عطا المصطفیٰ ایڈووکیٹ انفارمیشن سیکرٹری، علی اکبر ایڈووکیٹ جوائنٹ سیکرٹری اور حسن طاہر ایڈووکیٹ کو نائب صدر مقرر کیا گیا۔

(جاری ہے)

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے امیدوار ممبر پنجاب بار کونسل لاہور اور مرکزی صدر عوامی لائرز فورم نعیم الدین چوہدری ایڈووکیٹ نے عوامی لائرز فورم کی موجودہ تنظیمی صورتحال پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ نوجوان وکلا کی رہنمائی، ان کی تربیت اور پیشہ وارانہ مواقع کی فراہمی کیلئے منظم تنظیم سازی ناگزیر ہے۔ انہوں نے اپنے خطاب عدلیہ اور وکلا کے تعلقات، قانون کی بالادستی اور عدالتی نظام میں وکلا کے کردار کے بارے میں تفصیلی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ’’مضبوط وکلا ہی ایک مضبوط عدالتی نظام کی ضمانت ہیں‘‘۔

انہوں نے کہا کہ عوامی لائرز فورم کا مقصد وکلائ کے مسائل کا حل اور ان کی پیشہ وارانہ ترقی کے لئے عملی جدوجہد ہے۔ ہم آئین اور قانون کی بالادستی کے لئے ہر محاذ پر کھڑے ہیں اور وکلاء کو ایک منظم پلیٹ فارم پر متحد دیکھنا چاہتے ہیں تاکہ ان کے حقوق کا مؤثر تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔ انہوں نے مزید کہا کہ موجودہ حالات میں وکلاء برادری کو اتحاد، تدبر اور شعور کے ساتھ آگے بڑھنے کی ضرورت ہے۔

ہم سیاسی یا ذاتی وابستگیوں سے بالاتر ہو کر صرف قانون، عدل اور وکلاء کی فلاح کو ترجیح دیں گے۔ صدر عوامی لائرز فورم سنٹرل پنجاب آصف سلہریا ایڈووکیٹ نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وکلاء کا ایک پلیٹ فارم پر متحد ہونا وقت کی اہم ترین ضرورت ہے۔ عوامی لائرز فورم وکلاء کی نمائندہ آواز ہے جو نہ صرف ان کے حقوق کی بات کرتا ہے بلکہ نوجوان وکلاء کی تربیت اور رہنمائی کو بھی اپنی ترجیحات میں شامل رکھتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ تنظیم سازی کا مقصد صرف عہدوں کی تقسیم نہیں بلکہ وکلاء کی طاقت کو صحیح سمت میں استعمال کرنا ہے۔ تقریب کے اختتام پر مختلف قراردادیں بھی پیش کی گئیں جن میں وکلا کی فلاح و بہبود،جونیئر وکلا کی معاونت اور خواتین وکلا کو مساوی مواقع فراہم کرنے کے مطالبات شامل تھے، ان قراردادوں کو متفقہ طور پر منظور کیا گیا۔ تقریب میں نائب صدر ٹیکس بار ایسوسی ایشن گوجرانوالہ عمران علی ایڈووکیٹ، صدر پاکستان عوامی تحریک گوجرانوالہ مہر شفاقت علی قادری نے خصوصی شرکت کی۔
Live پہلگام حملہ سے متعلق تازہ ترین معلومات