سعودی وزیر داخلہ اور بحرینی ہم منصب کی زیر صدارت اجلاس

جدہ میں سکیورٹی کوآرڈینیشن کمیٹی کے چوتھے اجلاس میں باہمی دلچسپی کے سکیورٹی امور پر تبادلہ خیال

جمعہ 25 اپریل 2025 11:40

جدہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 اپریل2025ء)سعودی وزیر داخلہ شہزادہ عبدالعزیز بن سعود اور ان کے بحرینی ہم منصب لیفٹیننٹ جنرل شیخ راشد آل خلیفہ نے جدہ میں وزارت داخلہ کے ہیڈ کوارٹرز میں سکیورٹی کوآرڈینیشن کمیٹی کے چوتھے اجلاس کی صدارت کی ،جس میں باہمی دلچسپی کے سکیورٹی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔عرب ٹی وی کے مطابق اجلاس کا مقصد سکیورٹی چیلنجز اور علاقائی اور بین الاقوامی منظر نامے پر تیز رفتار تبدیلیوں سے نمٹنے کے لیے کارکردگی کو بڑھانے پر غور کرنا ہے۔

اجلاس نے نوجوانوں میں انتہا پسندانہ نظریات کے پھیلا کو روکنے، سائبر سکیورٹی میں تعاون، دونوں ممالک کے مرکزی آپریشن رومز کو آپس میں جوڑنے اور ہوائی بندرگاہوں کے ذریعے شہریوں کے لیے سفری طریقہ کار کو آسان بنانے کے پہلے مرحلے کو مکمل کرنے جیسی کامیابیوں کا بھی جائزہ لیا۔

(جاری ہے)

سعودی وزیر داخلہ شہزادہ عبدالعزیز بن سعود نے اس بات کی تصدیق کی کہ یہ ملاقات دو طرفہ سکیورٹی تعاون کو مضبوط کرنے کے لیے تھی۔

دونوں اطراف کے ورکنگ گروپس کی جانب سے عملدرآمد کمیٹی کے اقدامات کو نافذ کرنے کے لیے کی جانے والی کوششوں کی اہمیت پر زور دیا گیا جس سے مشترکہ سکیورٹی کے کام میں اضافہ ہوگا اور دونوں ممالک کے شہریوں کے لیے اضافی سہولیات میسر آئیں گی۔ بحرین کے وزیر داخلہ شیخ راشد آل خلیفہ نے کہا کہ دونوں برادر ممالک کی سلامتی ناقابل تقسیم ہے۔ انہوں نے گزشتہ ادوار میں حاصل کیے گئے اقدامات کی بھی تعریف کی جو سکیورٹی تعاون کے تمام شعبوں میں ایک معیاری چھلانگ کی نمائندگی کرتی ہے۔