یوتھ ڈویلپمنٹ سنٹرماڈل مرکز کے طور پرمشعل راہ ہے،وزیراعظم کے اقدامات سے خوشحالی کا نیا باب رقم ہو رہا ہے، فہد شہباز

جمعہ 25 اپریل 2025 12:00

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 اپریل2025ء) پرائم منسٹر یوتھ پروگرام کے فوکل پرسن فہد شہباز نے کہا ہے کہ طلبہ کو جدید سہولیات اور ان کی استعدادکار کو بڑھانے کیلئے یوتھ ڈویلپمنٹ سنٹرز کے زیراہتمام تمام ممکنہ اقدامات کئے جا رہے ہیں تاکہ وہ روشن مستقبل کو یقینی بناتے ہوئے ترقی و کامرانی میں اپنا بھرپور کردار ادا کر سکیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے زرعی یونیورسٹی فیصل آباد میں طلبہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر زرعی یونیورسٹی یوتھ ڈویلپمنٹ سنٹر کی سالانہ کارکردگی کا جائزہ بھی لیا اور یوتھ ڈویلپمنٹ سنٹر کی نئی عمارت کا دورہ کیا۔ ڈائریکٹر یوتھ ڈویلپمنٹ سنٹر زرعی یونیورسٹی فیصل آباد ڈاکٹر محمد احسن خاں، محمد آصف صدیق ڈپٹی رجسٹرار،ٹیکنیکل سٹاف آفیسر، ڈاکٹر راؤ زاہد عباس پرنسپل آفیسر اکیڈیمک، ٹیچنگ، ریسرچ اور انکوبیشن، ڈاکٹر افتخار احمد ڈائریکٹر بزنس انکوبیشن سنٹر، ڈاکٹر شوکت علی سینئر ٹیوٹر، اسسٹنٹ ڈائریکٹر وقاص اکبر، پرنسپل آفیسر ریڈیو، پرنٹ اینڈ الیکٹرانک،سوشل میڈیا جہانزیب طارق و دیگر بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

فہد شہباز نے کہا کہ سنٹر کے زیراہتمام وزیراعظم کے نوجوانوں کیلئے پروگرام سے طلبہ مستفید ہوتے ہوئے ملکی ترقی میں اپنا بھرپور حصہ ڈال سکیں گے۔ انہوں نے کہا کہ زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کا یوتھ ڈویلپمنٹ سنٹر ایک ماڈل مرکز کے حوالے سے باقی جامعات کیلئے مشعل راہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم محمد شہبازشریف کے اقدامات سے خوشحالی کا نیا باب مرتب ہو رہا ہے۔

انہوں نے گرین انیشی ایٹو اور ماحولیاتی مسائل کے حل پر آگہی اور اقدامات کے متعلق زرعی یونیورسٹی کی کاوشوں کو سراہا۔ انہوں نے زرعی یونیورسٹی کے یوتھ ڈویلپمنٹ سنٹر کی کاوشوں کوبھی سراہا۔ ڈاکٹر محمد احسن خاں نے کہا کہ زرعی یونیورسٹی نے گزشتہ سال 8 ہزار طلبہ کو 470ملین کے سکالرشپس فراہم کئے ہیں اور مختلف تربیتی ورکشاپس سے 35سو طلبہ مستفید ہوئے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ گزشتہ سال 55 پرائیویٹ کمپنیوں نے یوتھ ڈویلپمنٹ سنٹر کے اشتراک سے یونیورسٹی میں جاب ڈیسک لگایا اور انٹرویو کئے جس سے یونیورسٹی کے طلبہ نے ملازمتیں حاصل کیں۔ انہوں نے کہا کہ گرین اقدامات کے تحت یونیورسٹی نے 11ہزار پودے لگائے ہیں۔محمد آصف صدیق نے حکومتی اقدامات کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس سے نہ صرف ہنرمند افرادی قوت تیار کی جا رہی ہے بلکہ جدت پسندی کو بھی فروغ ملے گا۔ انہوں نے کہا کہ زرعی یونیورسٹی فیصل آباد علم پر مبنی معیشت کے حصول کیلئے کوشاں ہے۔