ڈپٹی کمشنر ایبٹ کا انسداد پولیو مہم کے چوتھے روز کے اختتام پر ایوننگ ری ویو اجلاس ،کارکردگی بہتر بنانے کی ہدایت کی

جمعہ 25 اپریل 2025 14:10

ایبٹ آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 اپریل2025ء) ڈپٹی کمشنر ایبٹ آباد کیپٹن (ر) ثناءﷲ خان کی زیر صدارت انسداد پولیو مہم کے چوتھے روز کے اختتام پر ایوننگ ری ویو اجلاس ڈپٹی کمشنر آفس میں منعقد ہوا۔ کوآرڈینیٹر پولیو کنٹرول پروگرام اور ڈبلیو ایچ او نمائندہ کی جانب سے پولیو ویکسی نیشن ٹیمز کی کارکردگی اور کوریج سے متعلق بریفنگ دی گئی۔

ڈپٹی کمشنر ایبٹ آباد نے اس بات پر زور دیا کہ شہری علاقوں کے ساتھ ساتھ دیہی علاقوں میں بھی کوئی بچہ پولیو کے قطروں سے محروم نہ رہے اور اس سلسلہ میں محکمہ صحت ضروری اقدامات اٹھائے۔ انہوں نے پولیو ٹیمز اور ٹیمز انچارجز کو کارکردگی بہتر بنانے کی ہدایت کی۔ انہوں نے ٹرانزٹ ٹیمز کو بھی مزید فعال بنانے پر زور دیا اور اس بات کا اعادہ کیا کہ سفرکے دوران بچوں کو پولیو سے بچائو کے قطرے پلانے کےلئے موبائل ٹیمز کو فعال بنایا جائے اور اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ اڈوں، تمام مرکزی مقامات، سکولوں اور ہسپتالوں میں ٹیمز موجود ہوں اور بچوں کو پولیو کے قطرے پلائے جائیں۔

(جاری ہے)

ڈپٹی کمشنر ایبٹ آباد نے ریونیو افسران/ مجسٹریٹس کو پولیو ٹیموں کی معاونت کی ہدایت کی۔ انہوں نے اپنے پیغام میں والدین سے اپیل کی کہ وہ جمعہ کو آخری روز ٹیموں کے ساتھ تعاون یقینی بنائیں اور اپنے پانچ سال تک کی عمر کے بچوں کو پولیو کے قطرے ضرور پلائیں تاکہ ان کی مدافعت بہتر ہو اور وہ بیماریوں سے بچ سکیں۔ اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (جنرل) گوہر علی، ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر سردار شکیل سرور، اسسٹنٹ کمشنر ایبٹ آباد زرک یار خان تورو، ڈپٹی ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر شہزاد اقبال، ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر ثناءفاطمہ، ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر ریونیو محمد خان، ایس پی ہیڈ کوارٹر محمد نذیر، ایل ایچ ڈبلیو کوآرڈینیٹر ڈاکٹر اشفاق احمد، پی ای آئی کوآرڈینیٹر ڈاکٹرعاطف سعود، پبلک ہیلتھ کوآرڈینیٹر، ڈی ایس او ڈبلیو ایچ او ڈاکٹر نفیسہ، ایف پی ندیم خان اور دیگر عہدیداروں نے شرکت کی۔