لیسکو نے کروڑوں کے واجبات کی عدم ادائیگی پر میٹروپولٹین کارپوریشن کے ہیڈ کوارٹر کی بجلی منقطع کر دی

ایم سی ایل کے دفاتر اندھیرے میں ڈوب جانے سے تمام امور ٹھپ ہو کر رہ گئے ،سائلین کو بھی مایوس واپس لوٹنا پڑا

جمعہ 25 اپریل 2025 14:30

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 اپریل2025ء) لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی نے کروڑوں روپے کے واجبات کی عدم ادائیگی پر میٹروپولٹین کارپوریشن لاہور کے ہیڈ کوارٹر کی بجلی منقطع کر دی جس کی وجہ سے محکمے کے تمام امور ٹھپ ہو کر رہ گئے ۔ بتایا گیا ہے کہ لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی کی ٹیم نے بلوں کے واجبات کی مد میں بار بار نوٹسز کے باوجود ادائیگی نہ کرنے پر میٹرو پولٹین کارپوریشن لاہور کے ہیڈ کوارٹر کی بجلی منقطع کر دی ۔

(جاری ہے)

بتایا گیاہے کہ اس سے قبل میٹرو پولٹین کارپوریشن لاہور کے عملے کی جانب سے بجلی کاٹے جانے پر غیر قانونی طور پرکنکشن بحال کر لیتے تھے تاہم اس بار لیسکو کی ٹیم کی جانب سے ٹرانسفر سے ’’ٹی‘‘ سمیت دیگر آلات اتار لئے گئے جس کی وجہ سے بجلی بحال نہ کی جا سکی ۔میٹرو پولٹین کارپوریشن لاہور کی بجلی منقطع ہونے کی وجہ سے دفاتر اندھیرے میں ڈوب جانے سے تمام امور ٹھپ ہو کر رہ گئے اور ہیڈ کوارٹر آنے والے سائلین کو بھی مایوس واپس لوٹنا پڑا۔

متعلقہ عنوان :