لاہور ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت شہر بھر میں ترقیاتی کاموں کا سلسلہ جاری ہے، سید موسی رضا

جمعہ 25 اپریل 2025 15:00

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 اپریل2025ء) لاہور ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت شہر بھر میں ترقیاتی کاموں کا سلسلہ تیزی سے جاری ہے۔ ڈپٹی کمشنر لاہور سید موسی رضا کی قیادت میں سڑکوں اور گلیوں کی بحالی، تعمیر و مرمت، اور انفراسٹرکچر کی بہتری کے منصوبوں پر کام میں غیر معمولی تیزی آئی ہے۔ڈی سی لاہور نے اس حوالے سے منعقدہ اجلاس میں کہا کہ منصوبے کی ڈیڈ لائن، شفافیت اور معیار پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔

ترقیاتی کاموں کی بروقت اور معیاری تکمیل کو یقینی بنانے کے لیے تمام اسسٹنٹ کمشنرز اپنی متعلقہ تحصیلوں میں جاری منصوبوں کی مسلسل نگرانی کر رہے ہیں۔ڈپٹی کمشنر نے نیسپاک کو بھی ہدایت جاری کی ہے کہ وہ تمام ترقیاتی کاموں کے معیار کی خود نگرانی کرے تاکہ شہریوں کو دیرپا سہولیات میسر آ سکیں۔

(جاری ہے)

ڈی سی لاہور سید موسی رضا نے لاہور ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت کام کرنے والے تمام ٹھیکیداروں کو ہدایت دی ہے کہ وہ منصوبے مقررہ وقت کے اندر مکمل کریں اور تعمیراتی مقامات پر موجود تجاوزات کو فوری طور پر ختم کیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ وزیر اعلی پنجاب کے وژن کے مطابق لاہور کو ایک ماڈل شہر بنانے کے لیے ہر ممکن کوشش کی جا رہی ہے، اور ایسے پائیدار منصوبے مکمل کیے جا رہے ہیں جن سے شہری طویل عرصے تک مستفید ہو سکیں۔ڈپٹی کمشنر کا مزید کہنا تھا کہ شہری سہولیات کی بہتری، سڑکوں کی بحالی اور گلیوں کی درستگی جیسے کاموں پر تیز رفتاری سے پیش رفت ہو رہی ہے تاکہ لاہور کے شہریوں کو ایک بہتر اور صاف ستھرا ماحول فراہم کیا جا سکے۔

متعلقہ عنوان :