ڈاکٹر فوزیہ صدیقی کا پوپ فرانسس کے انتقال پر اظہار تعزیت

جمعہ 25 اپریل 2025 17:35

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 اپریل2025ء) عافیہ موومنٹ کی رہنما اور ملک کی معروف نیورو فزیشن ڈاکٹر عافیہ صدیقی نے پوپ فرانسس کے انتقال پر گہرے دکھ کا اظہار کیا ہے۔ایک بیان میں انہوں نے کہا:’’عافیہ موومنٹ کی جانب سے، ہم دنیا بھر کی مسیحی برادری سے پوپ فرانسس کے انتقال پر گہری تعزیت کا اظہار کرتے ہیں۔ ہم ان کی شفقت، رحم اور امن و انصاف کے لیے خدمات کو سراہتے ہیں‘‘۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ان کے آخری الفاظ، جو غزہ اور یوکرین میں جنگ اور تنازعات کے خاتمے کا مطالبہ کرتے ہیں اور غریبوں اور قیدیوں کے لیے امن، رحم اور حمایت کی ان کی خواہشات نے ہم سب کو بہت متاثر کیا۔ ان کی یہ کوششیں ہمیں ایک زیادہ منصفانہ اور ہمدرد دنیا کی طرف رہنمائی کرنے میں معاون ثابت ہوںگی اور ان کی تعلیمات امن، انصاف اور انسانیت کے راستے کو روشن کرتی رہیں گی۔ڈاکٹر فوزیہ صدیقی نے امید ظاہر کی کہ نئے پوپ بھی پوپ فرانسس کی جدوجہد کو جاری رکھیں گے اور مختلف مذاہب اور عقائد کے ماننے والے دنیا سے جنگوں، تنازعات، نسل کشی، استحصال اور ناانصافی کے خاتمے کے لیے مل کر کوشش کریں گے اورغریبوں اور قیدیوں کے لیے امن، رحم اور حمایت جاری رکھیں گے ۔