مری اور کہوٹہ کے پہاڑی علاقوں میں جنگلاتی آگ سے بچاؤ کیلئے محکمہ جنگلات کے اقدامات، 12 جدید ترین فائر ایمرجنسی گاڑیاں حاصل کرلیں

جمعہ 25 اپریل 2025 18:10

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 اپریل2025ء) وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف اور وزیر جنگلات مریم اورنگزیب کی ہدایات پر عمل کرتے ہوئے مری اور کہوٹہ کے پہاڑی علاقوں میں جنگلاتی آگ کی حساسیت کو مدنظر رکھتے ہوئے محکمہ جنگلات نے فوری اقدامات اٹھائے ہیں۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن ''محفوظ اور آگ سے پاک جنگلات'' کے تحت جنگلاتی آگ سے نمٹنے کے لیے 12 جدید ترین فائر ایمرجنسی گاڑیاں حاصل کی گئی ہیں، جن میں سے 2 گاڑیاں ضلع مری پہنچ چکی ہیں۔

یہ اقدام وزیر اعلیٰ پنجاب کے ماحول دوست ویژن اور عوامی فلاح کے عزم کا مظہر ہے۔ محکمہ جنگلات مری کے حکام کے مطابق مریم نواز شریف کی مدبرانہ قیادت اور مریم اورنگزیب کی بھرپور نگرانی میں پنجاب بھر میں جنگلات کو محفوظ بنانے کے لیے عملی اقدامات جاری ہیں، جو ایک خوشحال، سرسبز و شاداب پنجاب کی جانب اہم قدم ہے۔ اقدامات کا مقصد ماحول دوستی کو پروان چڑھانا ہے۔ جنگلات قومی اثاثہ ہیں، ان کی حفاظت کے لیے تمام ممکنہ اقدامات یقینی بنائے جائیں گے۔