دراز پاکستان اور یونٹی ریٹیل میں شراکت داری، ڈیلیوری کے عمل کو آسان بنانے پر اتفاق

جمعہ 25 اپریل 2025 18:20

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 اپریل2025ء) دراز پاکستان نے یونٹی ریٹیل کے ساتھ اسٹریٹجک شراکت داری کا اعلان کیا ہے، جس کا مقصد ملک بھر میں بڑے برانڈز کے لیے لاجسٹکس کے نظام کو ڈیجیٹائز اور آسان بنانا ہے۔ یونٹی ریٹیل پاکستان کا معروف ای کامرس اینیبلمنٹ پلیٹ فارم ہے، اور اس شراکت داری کے ذریعے دراز پہلی بار اپنے مارکیٹ پلیس سے باہر کاروباری اداروں کو لاجسٹکس کی سہولت فراہم کرے گا۔

اس اشتراک کے تحت، دونوں ادارے کورئیر سروسز کو جدید سافٹ ویئر سسٹمز کے ساتھ مربوط کر کے ڈیلیوری کے مکمل عمل کو مؤثر بنائیں گے۔ یہ سروس پاکستان کے 80 بڑے شہروں میں دستیاب ہو گی اور اس میں سامان کی ابتدائی وصولی، ترسیل اور آخری ڈیلیوری سمیت پورا عمل شامل ہو گا۔

(جاری ہے)

اس کے ساتھ ساتھ کیش آن ڈیلیوری، ریٹرن مینجمنٹ اور تیز تر ڈیلیوری کی سہولت بھی فراہم کی جائے گی، جو دراز کے تیار کردہ جدید نظاموں کی مدد سے ممکن ہو گی۔

دراز پاکستان کے چیف آپریٹنگ آفیسر احمد تنویر نے کہا: ''ہم اپنے لاجسٹکس نیٹ ورک کو دیگر برانڈز کے لیے کھول کر کاروباروں کو ترقی کرنے اور صارفین کو بہتر سہولت فراہم کرنے کا موقع دے رہے ہیں۔ یونٹی ریٹیل کے ساتھ یہ شراکت ہمیں اپنا انفراسٹرکچر، ٹیکنالوجی اور تجربہ وسیع پیمانے پر استعمال کرنے کا موقع فراہم کرتی ہے۔''یہ اقدام دراز کی حیثیت کو محض ایک ای کامرس پلیٹ فارم ہی نہیں، بلکہ ایک جدید لاجسٹکس پارٹنر کے طور پر بھی مضبوط بناتا ہے، جو پاکستان میں ریٹیل ڈیلیوری کے مستقبل کی تشکیل میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔